QR CodeQR Code

وزیر زراعت کاظم میثم کا ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ، زرعی ماہرین سے ملاقات

6 Mar 2021 21:34

زرعی ماہرین سے ملاقات کے دوران گلگت بلتستان میں موجود زرعی مواقع اور زراعت کو درہیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں موجود ٹشو کلچر لیب، مگس بانی کے تحقیقی مرکز اور ایگری انجینئرنگ کمپلکس کا دورہ بھی کرایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر زراعت گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم عباسی، پروفیسر ڈاکٹر انوار احمد ڈائریکٹر( PKCBC) پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد ڈائریکٹر (IF&NS)، ڈاکٹر جہانزیب چیمہ ڈائریکٹر ایگری انجینئرنگ اور دیگر زرعی ماہرین نے انکا خیر مقدم کیا۔ زرعی ماہرین سے ملاقات کے دوران گلگت بلتستان میں موجود زرعی مواقع اور زراعت کو درہیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی میں موجود ٹشو کلچر لیب، مگس بانی کے تحقیقی مرکز اور ایگری انجینئرنگ کمپلکس کا دورہ بھی کرایا گیا۔ وِزیر زراعت نے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات سے تفصیلی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے، تبادلہ خیال کیا اور ان کے تمام مسائل بلخصوص جی بی کے طلباء کے لیے تمام ڈیپارٹمنٹس میں کوٹے میں اضافہ، ہاسٹل کی سہولیات سمیت دیگر مسائل ذمہ داران تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

گلگت بلتستان میں محکمہ زراعت کو درپیش مسائل اور مواقع سمیت دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر اور دیگر ماہرین نے کہا کہ کسانوں کی تربیت کے لیے ادارہ ہمہ وقت تیار ہے۔ وِزیر زراعت نے کہا کہ گلگت بلتستان میں زراعت کو بہتر بنانے کے لیے جدید مشینریز وہاں کی زمینی حقائق کی بنیاد پر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کم سے کم محنت سے زیادہ سے زیادہ نتائج مل سکیں۔ اس سلسلے میں ہاروسٹینگ کے لیے جدید مگر چھوٹی مشینیں جی بی کے لیے ڈیزائن کرنے کی ضرورت ہے، ہل کو بھی پورٹیبل بنانے کے ساتھ ساتھ اس میں چند فیچرز بڑھانے کی ضرورت ہے، موجودہ تھریشر مشین کی وجہ سے ماحولیات کے ساتھ ساتھ فصلیں اور میوہ جات کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے، اس مین امپرومنٹ کی ضرورت ہے۔

زرعی انجینئرز نے کہا جس طرح کی مشینوں کی ضرورت ہو ہمارے پاس استعداد موجود ہے، اسے ہم بناکر مارکیٹ بھی کریں گے اور جی بی کے لیے کارآمد مشینں بھی بنائیں گے۔ اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے یونیورسٹی کی تخلیق کردہ خودکار سپرے مشین کو بھی دکھایا جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے صرف ان پودوں پر سپرے کرتی ہے جن پر سپرے کرنا مقصود ہو۔ وزیر زراعت نے گلگت بلتستان میں ریشم کی مصنوعات کے لیے چھوٹی صنعت لگانے نیز ریشمی کیڑوں کی پرورش کے سلسلے میں جدید تحقیقات اور تجربات اور یونیورسٹی کی خدمات پر زور دیا۔

یونیورسٹی انتظامیہ سے وزیر زراعت نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایچ ڈیز کی تحقیقات میں گلگت بلتستان کی مخصوص فصلوں، جڑی بوٹیوں اور میوہ جات کو شامل کیا جائے تاکہ ان کی پیداواریت اور استعداد میں اضافہ کیا جاسکے۔ سائنسی بنیادوں پر تحقیق سے گلگت بلتستان میں زرعی شعبے میں انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔ اس دورہ کے موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ جی بی میں زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے آمادہ ہے۔ ملاقات میں وزیر زراعت کے ہمراہ سابق ڈائریکٹر محکمہ زراعت بلتستان کاچو زاہد علی خان موجود تھے۔ وفد نے یونیورسٹی انتظامیہ کا ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر انکا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 920054

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920054/وزیر-زراعت-کاظم-میثم-کا-ایرڈ-ایگریکلچر-یونیورسٹی-راولپنڈی-دورہ-زرعی-ماہرین-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org