0
Saturday 6 Mar 2021 23:04

غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں گزشتہ 15 دنوں میں 35 فلسطینی گھر منہدم، 18 ضبط، 158 فلسطینی گرفتار

غاصب صیہونی رژیم کے ہاتھوں گزشتہ 15 دنوں میں 35 فلسطینی گھر منہدم، 18 ضبط، 158 فلسطینی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم نے گزشتہ 2 ہفتوں میں فلسطینیوں سے متعلق دسیوں گھر مسمار کر دیے ہیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امداد کی رابطہ کاری (OCHA) کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے تعمیراتی لائسنس کے فقدان کے بہانے سے گذشتہ 15 روز کے دوران فلسطینی شہریوں کے مزید 35 گھر مسمار کر دیئے ہیں۔ فلسطینی ای مجلے صفا کے مطابق غاصب صیہونی رژیم نے 16 فروری سے 1 مارچ تک فلسطین کے مغربی کنارے اور مشرقی قدس شریف میں 35 فلسطینی گھر منہدم کر دیئے ہیں جس کے باعث 53 بچوں سمیت مزید 98 فلسطینی خاندان بے گھر ہو جانے کے ساتھ ساتھ 60 دوسرے فلسطینی شہریوں کو شدید مالی نقصان بھی پہنچا ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکام نے 22 فروری کے روز حمصہ البقیعہ میں واقع 18 فلسطینی عمارتوں کو بھی ضبط کر لیا جن میں سے اکثر انسانی بنیادوں پر اُن بے گھر فلسطینی خاندانوں کو رہائش کے لئے دی گئی تھیں جن کے گھر اسرائیلی حکام کی جانب سے قبل ازیں منہدم کر دیئے گئے تھے جبکہ اس صیہونی اقدام کے نتیجے میں 36 بچوں سمیت 60 سے زائد فلسطینی شہری دوبارہ بے گھر کر دیئے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ علاوہ ازیں غاصب صیہونی فوجیوں نے شہر بیت اللحم کی زون C میں رہائش پذیر ایک 8 نفری فلسطینی خاندان کو ان کا گھر مسمار کر کے اور مقبوضہ قدس شریف کے علاقے العیساویہ میں 28 افراد کو ان کے 3 گھر منہدم کر کے بے گھر کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی رژیم نے گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران فلسطینی شہریوں کے خلاف کل 184 کارروائیاں انجام دی ہیں جن کے دوران صرف فلسطینی مغربی کنارے سے ہی 158 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایسی ہی دوسری 60 کارروائیاں قدس شریف میں انجام دی گئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش