QR CodeQR Code

حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، مولانا فضل الرحمان

7 Mar 2021 00:21

سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی امریکا، کبھی ایران کے نظام کی بات کرتے ہیں، کبھی چائنا کے نظام کو آئیڈیل کہتے ہیں، آپ پر اب کون اعتماد کریگا، اب یہ قوم مزید دھوکہ کھانے کو تیار نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے جعلی وزیراعظم کی سمری پر ایوان کا جعلی اجلاس بلایا، ساری رات ممبر کے دروازے کھٹکھٹا کر حاضری لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے ہر ممبر کی نگرانی ایجنسیوں نے کی ہے اور کس طریقے سے ان سے جبری ووٹ لیا گیا ہے، وزیراعظم کو کرپٹ ارکان کا ووٹ لیتے شرم نہیں آئی، ان کی 2018ء کی اکثریت بھی جعلی تھی اور اب بھی جعلی ہے، ہم نہ آج کے اجلاس کو تسلیم کرتے ہیں، نہ اعتماد کے ووٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج پارلیمنٹ کے باہر بدمعاشوں اور لچے لفنگوں نے شرفاء کی پریس کانفرنس پر حملہ کیا، شیشے کے گھر میں رہ کر کسی پر پتھر نہیں پھینکتے، حکومت شرافت کا دامن ہاتھ نہ جانے دے، ہم حکومت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، تمہیں گلی کوچوں میں چلنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان تو خود کرپشن کے بانی ہیں، وہ کس منہ سے ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، انہوں نے خود جائیداد بنائی اور 12 لاکھ میں بنی گالا کا محل ریگولرائز کرایا، پی آئی اے کے ملازمین کو نوکری سے نکال دیا، اسٹیل مل ملازمین نے کون سی کرپشن کی، جو انہیں ملازمت سے نکالا گیا، پوری دنیا سے ہماری تجارتی روابط کٹ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی امریکا، کبھی ایران کے نظام کی بات کرتے ہیں، کبھی چائنا کے نظام کو آئیڈیل کہتے ہیں، آپ پر اب کون اعتماد کرے گا، اب یہ قوم مزید دھوکہ کھانے کو تیار نہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج پھر اجلاس میں وہی پرانی باتیں دہرائیں، تعجب ہے کہ آج عمران خان نے پھر سے ریاست مدینہ کی بات کی، ملک خطابت سے نہیں چلا کرتے، جعلی حکمران آج ہے کل نہیں ہوگا، واضح اعلان کرتا ہوں کہ پی ڈی ایم آج کے اجلاس کو آئینی نہیں سمجھتی اور کرپٹ حکومت کے خلاف فیصلے کرچکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 920078

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920078/حکومت-کو-اینٹ-کا-جواب-پتھر-سے-دینا-جانتے-ہیں-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org