0
Sunday 7 Mar 2021 12:18

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو سرکاری ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات عام کرنے کی ہدایت

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو سرکاری ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات عام کرنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو کہا ہے کہ سرکاری ملازمین خاص طور پر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز (پی اے ایس) اور پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) جیسے طاقت ور سروس کیڈرز کے افسران کے اثاثوں کی تفصیلات عام کی جائے۔ ذرائع کے مطابق کمیشن ایک آزاد اور خودمختار نفاذ کا ادارہ ہے جو معلومات تک رسائی کے ایکٹ 2017ء کی دفعہ 18 کے تحت قائم کیا گیا ہے تاکہ اس ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اس کا کردار ایک طریقہ کار بنانا ہے تاکہ پاکستان کے شہری عوامی اہمیت کے معاملات میں معلومات تک رسائی کے اپنے آئینی حق کا استعمال کر سکیں۔ اسی سلسلے میں ایک شہری ندیم عمر کی درخواست پر پی آئی سی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے پبلک انفارمیشن آفیسر کو ہدایت کی کہ اس حکم کے موصول ہونے کے 10 روز میں کمیشن کی آگاہی کے ساتھ درخواست گزار کو پوچھی گئی معلومات فراہم کی جائے۔

درخواست گزار کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات، افسران کی فہرست، ان کا عہدہ اور موجودہ پوسٹنگ کی تفصیلات، ان افسران کے نام جن کی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر پروموشن روک دیا گیا تھا اور ان افسران کی فہرست ان کے عہدے اور موجودہ پوسٹنگ کے ساتھ طلب کی جنہوں نے اپنی پوری سروس کی مدت کے دوران اپنے اثاثوں کی تفصیلات کبھی جمع نہیں کرائی۔ درخواست میں یہ بھی پوچھا گیا کہ آیا یہ حقیقت ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان افسران کو ترقی نہ دینے کا فیصلہ کیا جنہوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی اور آیا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسران کے اثاثوں میں اضافے سے متعلق کسی قسم کی انکوائری/انکوائریز کیں۔ مذکورہ درخواست گزار کی جانب سے ان کیسز کی فہرست یا ان افسران کی فہرست ان کی موجودہ حیثیت کی تفصیلات کے ساتھ طلب کی جن کے اثاثوں میں اضافے سے متعلق تصدیق کے لیے کیسز کسی ایجنسی کو بھیجے گئے ہیں۔ مزید برآں چیف انفارمیشن کمشنر محمد اعظم، انفارمیشن کمشنرز زاہد عبداللہ اور فواد ملک پر مشتمل کمیشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو نوٹس جاری کیا تھا لیکن ان کا جواب نہیں آیا۔ بعد ازاں کمیشن کی جانب سے ایک ایکس پارٹے آرڈر جاری کیا گیا۔ کمیشن نے کہا کہ توازن پر عوامی مفادات ان سرکاری ملازمین کی ذاتی رازداری کو کسی قسم کے نقصان پہنچنے سے کہیں زیادہ اہم ہیں جو اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش