0
Sunday 7 Mar 2021 19:00
حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات، سیاسی امور پر تبادلہ خیال

لانگ مارچ کا مقصد ملکی حالات بہتر کرنا ہے، حمزہ شہباز

پی ٹی آئی کے 23 ایم این ایز نے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا، رانا ثناء اللہ
لانگ مارچ کا مقصد ملکی حالات بہتر کرنا ہے، حمزہ شہباز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا مقصد صرف لانگ مارچ نہیں بلکہ موجودہ حکومت جو ملکی حالات خراب کیے ہیں، انہیں ٹھیک کرنا ہے۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے ملاقات میں بہت سے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا ہے، بلاول بھٹو کی والدہ کی بہت قدر کرتا ہوں کیونکہ وہ بہادر عورت تھیں، انہوں نے جمہوریت اور پاکستان کیلئے قربانی دی۔ اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ، سید علی مرتضٰی، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے میثاق جمہوریت کے تحت دس سال اچھی روایات قائم کیں، اس دوران ہم سے غلطیاں بھی ہوئیں لیکن آج جو گالم گلوچ کی سیاست ہے، یہ جمہوریت کیلئے اچھی چیز نہیں، ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے مفاد کیلئے آگے بڑھیں گے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ یاد رہے کہ حمزہ شہباز نے آج بلاول بھٹو زرداری کو ظہرانے پر دعوت دی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری کے ماڈل ٹاون پہنچنے پر لیگی کارکنوں کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان پر گل پاشی بھی کی گئی۔ دونوں رہنماوں نے ملاقات میں سینیٹ الیکشن، پی ڈی اے کی احتجاجی تحریک سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں رانا ثنا اللہ نے ایک نئی پیش کش کا ذکر کیا اور بتایا کہ پی ٹی آئی کے 23 ایم این ایز نے پی ڈی ایم کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا، وعدہ کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں آئی تو پی ڈی ایم کا ساتھ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیش کش سن کر بلاول بھٹو نے پوچھا کہ ایم این ایز کا تعلق کس صوبے سے ہے۔ رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ سب کا تعلق پنجاب سے ہے، پیش کش کی حمزہ شہباز نے بھی تصدیق کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت تحریک عدم اعتماد کا فائدہ نہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومتی ایم این ایز ساتھ ہیں تو تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں لائی جا سکتی ہے، 26 مارچ کے بعد ایک جامع حکمت عملی مل کر بنائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے ووٹ کیلئے پرویز الٰہی کے گھر جاؤں گا جبکہ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی سے ووٹ کیلئے میں بھی رابطے میں ہوں۔
خبر کا کوڈ : 920176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش