0
Sunday 7 Mar 2021 20:02

کراچی کے ہونہار نوجوان نبیل حیدر کو بہترین تربیت کی فراہمی کیلئے وزیر آئی ٹی کا بڑا قدم

کراچی کے ہونہار نوجوان نبیل حیدر کو بہترین تربیت کی فراہمی کیلئے وزیر آئی ٹی کا بڑا قدم
اسلام ٹائمز۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ہونہار لڑکے نبیل حیدر کو بہترین سافٹ ویئر انجینئر بنانے کے لئے وفاقی وزیر آئی ٹی نے اہم اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ نبیل حیدر نے واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن بنائی، سوشل میڈیا کی خبروں پر سید امین الحق نے نبیل حیدر کی حوصلہ افزائی کے لئے فوری اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اس سلسلے میں نبیل حیدر سے ملاقات بھی کی، ملاقات میں سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، انکیوبیشن سینٹر حکام، اور ٹیلو ٹاک کے ڈائریکٹر بھی شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نبیل حیدر کو نیشنل انکیوبیشن سینٹر میں وزارت کے تحت تربیت فراہم کی جائے گی، اور ٹیکنیکل ٹریننگ سے کم سن نبیل حیدر کے ٹیلنٹ کو مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کے علاوہ ٹیلو ٹاک کی جانب سے نبیل حیدر کو معقول معاوضہ اور ضروری معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ واٹس ایپ کی طرز پر ایپلی کیشن کی کوشش اچھی ہے، مناسب تربیت اسے بہترین سافٹ ویئر انجینئر بنا دے گی، مقامی ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے وزارت آئی ٹی اپنی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والا یہ باصلاحیت نوجوان نویں جماعت کا طالب علم ہے، جنہوں نے ایف ایف میٹنگ کے نام سے واٹس ایپ طرز کی ایپلی کیشن بنائی ہے، جس پر انکرپٹڈ کالز کی سہولت، مختلف رنگ کے تھیمز، بہ یک وقت 5 لاکھ سے زائد افراد کو میسج کرنے کی سہولت سمیت کئی ایڈوانس فیچرز موجود ہیں۔ نبیل کے والد کراچی کے علاقے دستگیر میں چھولے اور ڈونٹس فروخت کرتے ہیں، نبیل نے 3 سال کی ان تھک محنت کے بعد یہ ایپلی کیشن تیار کی ہے، جس کے لئے ان کے والد نے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان خرید کردیا، یہ ایپلی کیشن اب تک پلے اسٹور پر 1 لاکھ سے زائد افراد ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش