QR CodeQR Code

یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینٹ بن کر سرائیکی صوبے کی بنیاد رکھنے میں کامیاب ہوں گے، عابدہ بخاری

7 Mar 2021 23:22

ملتان میں یوم خواتین کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی خواتین ونگ کی صدر کا کہنا تھا کہ  ہمیں موجودہ حکمرانوں سے صوبے کے قیام کے حوالے کوئی توقع نہیں ہے، پیپلزپارٹی وومن ونگ پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق سرائیکی صوبے کی تحریک جاری رکھے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ملتان شہر وومن ونگ کی سٹی صدر عابدہ بخاری نے سرائیکی اجرک ڈے کو سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے نام سے منسوب کر دیا، اس سلسلے میں پیپلزپارٹی وومن ونگ کی سٹی جنرل سیکرٹری مریم بی بی کی رہائش گاہ پر اجرک ڈے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی اور سرائیکی اجرک تقسیم کی گئیں۔ عابدہ بخاری نے مزید کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی اس ملک کے واحد وزیراعظم ہیں جنہوں نے پہلی بار قومی اسمبلی کے فورم پر سرائیکی صوبے کی آواز بلند کی، اگر اس وقت پیپلزپارٹی کے پاس دو تہائی اکثریت ہوتی تو آج سرائیکی صوبہ بن چکا ہوتا، یہ بھی سید یوسف رضا گیلانی کا کارنامہ ہے کہ ان کی کاوشوں سے سینٹ میں ایک صوبے کا بل متفقہ طور پر پاس ہوا، انشاءاللہ سید یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینٹ بن کر سرائیکی صوبے کی بنیاد رکھنے میں کامیاب ہوں گے، کیونکہ ہمیں موجودہ حکمرانوں سے صوبے کے قیام کے حوالے کوئی توقع نہیں ہے، پیپلزپارٹی وومن ونگ پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق سرائیکی صوبے کی تحریک جاری رکھے گی۔ عابدہ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں وہ سید یوسف رضا گیلانی کی جیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، کارکن سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 920216

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920216/یوسف-رضا-گیلانی-چیئرمین-سینٹ-بن-کر-سرائیکی-صوبے-کی-بنیاد-رکھنے-میں-کامیاب-ہوں-گے-عابدہ-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org