QR CodeQR Code

استعمار اور اسلام دشمنی کا سب سے بڑا ہدف مسلمانوں کا خاندانی نظام ہے، عنایت امین

7 Mar 2021 23:34

پشاور میں منعقدہ استحکام خاندان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماء کا کہنا تھا کہ کچھ مخصوص ادارے عورت اور مرد کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کرتے ہیں جو خاندانی نظام میں بگاڑ کا سبب بن رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام آج پشاور کے آرکائیوز ہال میں استحکام خاندان کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل عنایت امین نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست میں خاندان ایک بنیادی ادارہ ہے، آئین پاکستان کے آرٹیکل 35 کے تحت ریاست عورت، خاندان، ماں اور بچے کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ پروفیسر خورشید احمد لکھتے ہیں کہ مادہ پرستانہ معاشرے میں سب سے زیادہ نقصان خاندان کے ادارے کو پہنچتا ہے اور چونکہ یہ مضبوط خاندانی نظام اب صرف مسلمانوں کے پاس ہے جو اپنے استحکام اور بقا کیلئے چومکھی لڑائی لڑ رہا ہے۔ جبکہ اس کو اپنی بقا اور سلامتی بھی برقرار رکھنی ہے اور اپنے دینی اقدار و روایات کو تحفظ دینا ہے۔ لہذا اسی وجہ سے سیکولر اور استعماری اور اسلام دشمنی کا سب سے بڑا ہدف مسلمانوں کا خاندانی نظام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ مخصوص ادارے عورت اور مرد کو ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑا کرتے ہیں جو خاندانی نظام میں بگاڑ کا سبب بن رہا ہے۔ عورت کو فطری کام سے ہٹاکر غیر فطری کاموں میں الجھا دیا ہے جو دراصل ظلم ہے۔ عالمی طاغوتی قوتوں نے عورت کے لیے ایک خوشنما جال بنا دیا ہے، جس میں ان تمام مسائل کو اٹھایا گیا ہے جو دراصل عورت کے  مسائل ہے ہی نہیں۔ اللہ تعالیٰ عدل، بھلائی اور رشتہ داروں سے حسن سلوک کا حکم دیتا ہے اور بے حیائی سے روکتا ہے۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا حمیرا بشیر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل 8 مارچ ہے اور اس دن کو پوری دنیا میں خواتین کے حقوق کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے، میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی طرف سے اس دن کو ان تمام مظلوم خواتین کے نام کرتی ہوں جو ناجائز طور پر مسلط جنگوں میں ظلم اور بربریت کی زندگیاں گزار رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 920217

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920217/استعمار-اور-اسلام-دشمنی-کا-سب-سے-بڑا-ہدف-مسلمانوں-خاندانی-نظام-ہے-عنایت-امین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org