0
Sunday 7 Mar 2021 23:40

مغرب عورت کو شمع محفل اور اسلام گھر کی ملکہ کا درجہ دیتا ہے، جماعت اسلامی

مغرب عورت کو شمع محفل اور اسلام گھر کی ملکہ کا درجہ دیتا ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مغرب عورت کو شمع محفل جبکہ اسلام عورت کو گھر کی ملکہ کا درجہ دیتا ہے، مغرب میں خاندانی نظام ٹوٹ رہا ہے، خواتین کے حقوق کے نام پر ایسے نعرے دیئے جا رہے ہیں، تاکہ ہمارا خاندانی نظام بھی تباہ ہو جائے، بعض ٹی وی ڈراموں سے لیکر میرا جسم میری مرضی جیسے نعرے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں، صرف گذشتہ 6 ماہ کے دوران کراچی میں 15 ہزار سے زائد طلاق و خلع کی درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔ 8 مارچ یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ 8 مارچ کو دنیا بھر میں یوم خواتین کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد خواتین کو تحفظ، وراثت میں حصہ سمیت ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا اور انہیں ہر قسم کے تشدد سے بچانا ہے، مگر بدقسمتی کے ساتھ اس دن کو بھی بعض قوتیں خواتین کے حقوق کے نام پر اپنی نمائش کیلئے استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاب و پردہ خاتون کیلئے سب سے بڑا تحفظ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ان کی عزت و احترام و تکریم میں اضافہ ہوتا ہے، مگر اس کو بھی مغرب نواز قوتیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھ کر مادر پدر آزادی اور اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتی ہیں، گذشتہ سال میرا جسم میری مرضی کا نعرہ لگا کر عورت کو تماشہ بنایا گیا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان 11 فروری سے ملک میں استحکام خاندان مہم چلا رہی ہے، جس میں خواتین کانفرنس، مذاکرے اور اجتماعات منعقد کئے جا رہے ہیں، جس کا مقصد عورت کو حقیقی شعور، زندگی کا مقصد، بیوی، بیٹی، ماں کی صورت میں ان کا کردار کیا ہونا چاہیے، ساتھ ہی ان کے حقوق و معاشرے میں اعلیٰ مقام ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عورت کو پردہ کے ساتھ جائز مقام اور مکمل حقوق دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے، جس کا اسلام نے انہیں حق دیا ہے، حلقہ خواتین کا کردار اس حوالے سے قابل تحسین ہے، جس نے عورت کو اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے انتخابات سمیت معاشرے کے مختلف میدان میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار کیا ہے۔ صوبائی امیر نے خواتین اسلام پر زور دیا کہ وہ این جی اوز کے جھوٹے پروپیگنڈے میں ہرگز نہ آئیں، خواتین جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، تاکہ ہم کو حقیقی معنیٰ میں اسلامی، فلاحی و خوشحال پاکستان بناکر بانی پاکستان قائداعظمؒ کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 920219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش