0
Sunday 7 Mar 2021 23:45

 ماضی میں بھی حکومتوں نے مدارس کے خلاف مختلف ہتھکنڈے اختیار کیئے مگر ناکام رہے، سینیٹر ساجد میر 

 ماضی میں بھی حکومتوں نے مدارس کے خلاف مختلف ہتھکنڈے اختیار کیئے مگر ناکام رہے، سینیٹر ساجد میر 
اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پہلے بھی مدرسہ بورڈ بنا بہت کچھ ہوا مگر مدارس کے تقدس پر ہم نے کوئی آنچ نہیں آنے دی، اب بھی نووارد وفاق بورڈز کی کوئی عملی حیثیت نہیں، موجودہ حکومت کوئی جواز نہیں رکھتی کہ وہ اقتدار میں رہے، اس حکومت نے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے، آج غریب اور متوسط طبقہ پریشان ہے، عمران خان کا اعتماد ووٹ لینے کا پورا عمل مضحکہ خیز ہے اور سیاسی نابالغی کا ثبوت ہے، ہم ملکی جمہوری اقدار کیلیے کوشاں رہینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث جنوبی پنجاب کے زیراہتمام خانیوال روڈ پر تحفظ مدارس سلفیہ وعلما اہلحدیث سیمینار سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حکومتوں نے مدارس کے خلاف مختلف ہتھکنڈے اختیار کیئے مگر ناکام رہے، مدارس کے خلاف سازشیں کرنے والے مقام عبرت ہیں، اب بھی جو اس طرز کے عزائم دل میں لیے ہوئے ہیں وہ ان عبرتوں سے سبق حاصل کریں، عمران خان واحد شخص ہے جو تسلسل کے ساتھ جھوٹ اور اپنی ہی بات کو رد کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ مدارس کے استحکام اور سالمیت کیلئے ہم متحد ہیں اور نت نئے وفاق بے نام ہوجائیں گے۔ اس موقع ناظم وفاق المدارس السلفیہ پاکستان پروفیسر محمد یاسین ظفر نے کہا کہ اس وقت وقف ایکٹ 2020ء علمائے کرام کے خلاف ایک بڑی سازش ہے، جسے مل کر ناکام بنانا ہوگا۔ سیمینار سے ضلعی امیر علامہ عبدالرحیم گجر، ضلعی ناظم علامہ عنایت اللہ رحمانی، قار ی سیف اللہ عابد، مولانا محمد اسلم، مولانا نذیر مدنی، مولانا عبداللہ عامر، مولانا اکرم، مولانا عبدالستار، اکرم ہریری، قاری ہدایت اللہ خطاب کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920223
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش