0
Monday 8 Mar 2021 19:15
آج خواتین نے خاندانی نظام کیخلاف مغربی سازش کو دفن کر دیا ہے

موم بتی مافیا ہمارے معاشرے کا ترجمان نہیں، سراج الحق

معاشرے کی ترقی اور تربیت میں عورت کے کردار سے انکار ممکن نہیں،امیر جماعت
موم بتی مافیا ہمارے معاشرے کا ترجمان نہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے جماعت اسلامی کے زیراہتمام ناصر باغ سے انارکلی تک استحکام خاندان مارچ۔ سینٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ موم بتی مافیا ہمارے معاشرے کا ترجمان نہیں۔ ناصر باغ سے انارکلی تک نکالی جانیوالی ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت دردانہ صدیقی اور ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی نے کی۔ خواتین نے پلے کارڈز اٹھا ڑکھے تھے جن پر خواتین کے حقوق کے نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حقوق خواتین کے نام پر کچھ این جی اوز پاکستانی خاندان نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ہم اس نظریے اور کلچر کو مسترد کرتے ہیں، حقیقت میں خواتین کو آزادی اور عزت کے نام پر تباہ کرنے کی سازش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان اسلامی ریاست نہیں بنتا اس وقت تک کسی کو تحفظ نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر مرد خواتین کی موجودگی میں گندی زبان استعمال کی جاتی ہے لیکن اس پر کسی کو شرم نہیں آتی۔ سینٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جہیز کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے سرکاری سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر عورت کابنیادی حق ہے حکومت آئندہ بجٹ میں خواتین کے لئے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کیا جائے اور خواتین کے لئے الگ ٹرانسپورٹ چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاندار مارچ پر خواتین قیادت کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مغربی سازشوں اور میرا جسم میری مرضی کے فلسفے کو ناکام بنایا اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کی عورتیں اسلام کیخلاف وابستہ ہیں اور نظریہ پاکستان کی امین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج چترال سے کراچی تک اور کوئٹہ سے گوادر تک عورتوں نے مغربی سازش کو مسترد کر دیا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ مغرب نے ہمارے خاندانی نظام پر حملہ کیا ہے، مگر ہماری خواتین نے مغربی سازشوں کو دفن کر دیا ہے۔ آج جس مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے، حقیقت میں آپ ہی مسلم پاکستانی خواتین کی ترجمانی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موم بتی گروپ ہمارا ترجمان نہیں، آپ لوگوں نے ایک مضبوط پیغام اور بیانیہ دیا ہے، کہ معاشرے کو مضبوط بنانا ہے تو عورت کو محفوظ کرو، عورت خوشحال ہوگی تو خاندان بھی خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خاندانی نظام اللہ کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہے، یہ اللہ کا مضبوط سائبان ہے، ایک خاندان میں کمزور عورت، کمزور مرد کو بھی زبردست تحفظ ملتا ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام انبیاء نے خاندانی نظام کی سرپرستی کی ہے، حضرت مریم نے عورت کا کردار مضبوط بنایا، فرعون کے گھر میں حضرت موسیٰ کو پناہ دینے والی عورت ہی تھی، ہمارے نبیﷺ کو بھی سب سے پہلے وحی ملنے کے بعد عورت نے ہی تسلی دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب لوگ بیٹیوں کو زندہ دفن کرتے تھے، اسلام نے اسی عورت کو احترام دیا، اسلام نے عورت کو اعلیٰ منصب پر بٹھا کر عزت دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی قوم تباہ ہوتی ہے، یہ مائیں بیٹیاں ہیں جو حوصلہ دیتی ہیں اور قوم کو دوبارہ بناتی ہیں، دجال کا سب سے بڑا حملہ اس خاندانی نظام پر ہوا اور آج اسی وجہ سے خاندانی نظام تباہ ہو گیا، مغرب میں والدین بچوں سے اور بچے والدین سے محروم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مغرب زدہ این جی اوز ہماری بیٹیوں اور بہنوں کےخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، حقوق نسواں کے نام پر کچھ خواتین پاکستان کے کلچر اور خاندانی نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اس نظریے کو مسترد کرتے ہیں،کوئی بیٹی گھر سے بھاگتی ہے تو یہی این جی اوز اس کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں اور اسے بہادر بیٹی کہتی ہیں، کہ اس نے ماں بات کی زنجیروں کو توڑا ہے، ماں باپ کی عظمت و عزت کو تار تار کرنے کی یہ سازش ہے۔ اسی وجہ سے گزشہ 6 ماہ میں صرف کراچی میں طلاق کے 14 ہزار کیس رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920366
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش