QR CodeQR Code

شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی استعمار اور استکبار کیخلاف توانا آواز تھے، ڈاکٹر عبد العلی

8 Mar 2021 21:33

امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہید ڈاکٹر نقوی کے رفیق ڈاکٹر عبد العلی کا کہنا تھا کہ معاشرہ سازی کی آزمائش ہو یا استعمار کیخلاف مزاحمت کا محاذ یا سیاست کا میدان شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اسلام کے ہراول دستے کے طور پر متحرک رہے۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیِخ ارشاد حسین مصطفوی نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے معاشرہ بگاڑ کی طرف جا رہا ہے، ہر فرد کو خود سازی کے ساتھ معاشرہ سازی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، ہر فرد خود کو ٹھیک کرنے کا تہیہ کر لے تو معاشرے کی وہ تمام خرابیاں دور ہوسکتی ہیں۔ مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی اسکالر علی محمد نے کہا گلگت بلتستان میں منشیات اور نشہ آور اشیاء کی ترسیل میں اضافہ، سکول کے بچوں تک سرائیت کرنا اور سرعام نشہ آور اشیاء کے کاروبار پر انتظامیہ کی خاموشی تشویشناک ہے۔ حکومت، انتظامیہ، علماء کرام، مذہبی و فلاحی ادارے اور والدین کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کے ناظم برادر محمد حسین نے کہا اسلامی معاشرے میں ہر فرد اصلاح معاشرہ کا ذمہ دار ہے۔ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان تعلیمات قرآن اور سیرت آئمہ کے مطابق اصلاح معاشرہ کیلئے کوشاں ہے۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی برسی کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل سیکرٹری آئی ایم سی و رفیق شہید نقوی ڈاکٹر عبد العلی نے کہا ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید اپنی ذات میں ایک تنظیم تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام اور انسانیت کیلئے وقف کر دی تھی۔ شہید نے اسلام کو عملی طور پر اپنی زندگی پر لاگو کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ سازی کی آزمائش ہو یا استعمار کے خلاف مزاحمت کا محاذ یا سیاست کا میدان شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اسلام کے ہراول دستے کے طور پر متحرک رہے۔ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی استعمار اور استکبار کے خلاف توانا آواز تھے۔


خبر کا کوڈ: 920383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920383/شہید-ڈاکٹر-محمد-علی-نقوی-استعمار-اور-استکبار-کیخلاف-توانا-آواز-تھے-عبد-العلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org