0
Tuesday 9 Mar 2021 00:17

قوم معاشرے میں حقوق خواتین کے نام پر مغربیت کو پھیلانے کے کلچر کی حوصلہ شکنی کرے، سراج الحق

قوم معاشرے میں حقوق خواتین کے نام پر مغربیت کو پھیلانے کے کلچر کی حوصلہ شکنی کرے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خواتین کو حق وراثت، حق ملکیت، حق نکاح، حق تعلیم و ملازمت دینے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کی محرومی اور مفلوک الحالی کے خاتمہ کا واحد حل اسلام کے زریں اصولوں پر پاکستانی معاشرہ کی تعمیر ہے۔ مال روڑ پر عالمی یوم خواتین کے موقع پر جماعت اسلامی خواتین ونگ کی جانب سے نکالی گئی استحکام خاندان ریلی کے شرکاu سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی معاشرہ میں گنے چنے لوگوں کی جانب سے حقوق خواتین کے نام پر مغربیت کو پھیلانے کے کلچر کی حوصلہ شکنی کرے۔ انہوں نے کہا ملک کی اسلامی نظریاتی اساس کے خلاف سازشیں آزادی کے فوری بعد شروع ہوگئی تھیں, جن میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

جماعت اسلامی اور پاکستان کے کروڑوں افراد جن کے آباو  اجداد نے مملکت اسلامی کے حصول کے لیے جان و مال کی قربانیاں دیں، نام نہاد مغربی نظریات اور ان کی ترویج کو ہرگز قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے ان عوامل پر جو پاکستان کے اسلامی معاشرہ میں عورت کی پسماندگی کا باعث بن رہے ہیں, پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عورت کی آزادی کا مطلب اسے تعلیم و صحت کی سہولتوں اور روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور اس کی عزت و ناموس کا تحفظ ہے، ناکہ شرم و حیا اور حرمت کا خاتمہ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے باوجود ملک میں ونی، قرآن سے شادی اور کاروکاری جیسی فرسودہ رسوم موجود ہیں۔ جہیز کی لعنت کا خاتمہ نہیں ہوا۔ غریب کی بیٹی جہیز نہ ہونے کی وجہ سے گھر میں بیٹھی بوڑھی ہو جاتی ہے، خواتین کو تعلیمی اور کام کرنے والے اداروں میں ہراساں کیا جاتا ہے۔

بچیوں اور خواتین کی عصمت دری کے لرزاں خیز واقعات ہوتے ہیں اور ظالم تھانوں اور عدالتوں سے بچ نکلتے ہیں۔ ایسے عناصر کو آج تک نشان عبرت نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بچیوں کی تعلیم کیلیے وفاق اور صوبوں میں خصوصی بجٹ مختص کیا جائے۔ خواتین کو اسلامی اصولوں کے مطابق نکاح کا حق دیا جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاگیرداری اور وڈیرہ شاہی نظام میں خاتون کا استحصال ہو رہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے دین کی ترویج و اشاعت کے لیے خواتین کے قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ظہور اسلام سے لے کر آج تک عظیم مسلمان خواتین جن میں امہات المومنین، نبی رحمت (ص) کی صاحبزادیاں اور صحابہ کی بیویاں، بیٹیاں، بہنیں اور مائیں شامل تھیں، نے ہر میدان میں قربانیاں دیں، یہی وجہ ہے کہ دین ہم تک پہنچا۔
خبر کا کوڈ : 920422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش