0
Tuesday 9 Mar 2021 02:14

عالمی یوم خواتین، اسلام نے خواتین کو بلند مقام عطا کیا، علامہ ساجد نقوی

عالمی یوم خواتین، اسلام نے خواتین کو بلند مقام عطا کیا، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر کہا کہ اسلام نے خواتین کو بلند مقام عطا کیا، اس دور کی خواتین کیلئے مثالی کردار پیغمبر اکرم کی دختر حضرت فاطمة الزہرا ؑہیں، جنہوں نے اپنے دور میں کردار اور سیرت کے ذریعے ایسے اصول اور نقوش چھوڑے ہیں جو تاابد ہر دور کی خواتین کیلئے ہر پہلو سے مشعل راہ ہیں۔ اگرچہ ان کا دور صدیوں پہلے کا دور تھا، جس میں زندگی گذارنے کے طور طریقے آج سے مختلف تھے، لیکن ہمیں وہ اصول تلاش کرنے ہونگے اور ان نقوش کو اجاگر کرنا ہوگا، جو سیدہ طاہرہ ؑ کی سیرت و کردار سے ابھر کر سامنے آتے ہیں، جو ہر دور کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے بیٹی کی حیثیت سے کیا رویہ اپنایا، ایک بیوی کی حیثیت سے کیا انداز اختیار کیا اور ایک ماں کی حیثیت سے کیا طور طریقے اپنائے کہ حسن ؑ و حسین ؑ جیسے فرزندان دنیا کو عنایت کئے، علامہ اقبال نے کہا ”بتولے باش و پنہاشو ازیں عصر کہ در آغوش شبیرے بگیری۔“

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اسلام سے قبل عورت کو معاشرے میں کوئی مقام حاصل نہیں تھا، لیکن دین اسلام اور حضور اکرم نے عورت کا جو مقام قرار دیا، دنیا میں اسکی کوئی مثال نہیں۔ اسلام سے قبل عورت کو محض ایک زرخرید غلام سے زیادہ کی حیثیت نہیں تھی، اس کے تمام حقوق بے دردی سے غصب کئے جاتے تھے، لیکن اسلام نے عورت کو اس کے جائز حق سے نوازا۔ عرب میں دختر کشی کی بہیمانہ رسم کو اسلام نے غیر انسانی فعل قرار دیا اور بیٹی کی پیدائش اور اس کی پرورش پر جنت کا پروانہ بزبان نبی جاری ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین سے امتیازی سلوک اور برتاﺅ کو ختم کرنے کیلئے معاشرے کی کاﺅنسلنگ ضروری ہے، اس لئے کہ خواتین کا معاشی و مالیاتی نظام میں اہم کردار ہے، لہذا معاشرے میں عورت کی عزت و احترام کو یقینی بنانے کے لیے اس کے ناموس کا تحفظ ضروری ہے۔ اسلام نے مردوں کو بھی پابند کیا کہ وہ اس کے ناموس کی حفاظت کریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ماہرین کو چاہیئے کہ وہ جدید عصر کے تقاضوں کو سیدنا طاہرہ ؑ کے چھوڑے ہوئے اصول و نقوش سے ہم آہنگ کرکے جدید دور میں خواتین کی رہنمائی کریں، تاکہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد کو ایک روشن راستہ مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 920434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش