0
Tuesday 9 Mar 2021 16:00

حزب اللہ لبنان کیجانب سے پوپ فرانسس کے دورۂ عراق و آیت اللہ سیستانی کیساتھ ملاقات کا خیرمقدم

حزب اللہ لبنان کیجانب سے پوپ فرانسس کے دورۂ عراق و آیت اللہ سیستانی کیساتھ ملاقات کا خیرمقدم
اسلام ٹائمز۔ لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی جانب سے گذشتہ شب جاری ہونے والے ایک بیان میں دنیا بھر کے کیتھولک عیسائیوں کے رہنماء پوپ فرانسس کے دورۂ عراق اور مرجع عالیقدر مکتب اہلبیتؑ آیت اللہ سید علی سیستانی کے ساتھ ملاقات کا خیرمقدم کیا ہے۔ عرب نیوز چینل المنار کے مطابق اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ حزب اللہ لبنان پوپ فرانسس کی جانب سے برادر ملک عراق کے سفر، اس کے مثبت نتائج اور خاص طور پر مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے ساتھ ملاقات کا خیرمقدم کرتی ہے۔ حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ ہم اس حوالے سے آیت اللہ سیستانی کے موقف کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں، جس میں مختلف ممالک کی، خصوصاً فلسطینی عوام اور مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں کے باسیوں کی غربت اور رنج و الم کے دور کئے جانے اور ان کے خلاف روا رکھے گئے ظلم و تشدد، دینی و فکری ستم، جنگوں، محاصرے اور زبردستی دربدری پر مبنی اقدامات کے فوری خاتمے پر تاکید کی گئی ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کا ماننا ہے کہ عراق کو گذشتہ 2 عشروں کے دوران متعدد بھیانک جنگوں میں جھونکا گیا ہے؛ ایسی جنگیں جنہیں امریکی قابض فورسز اور تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے بھڑکایا گیا تھا۔ حزب اللہ نے اپنے بیان میں امید ظاہر کی کہ پوپ فرانسس کا یہ دورہ اس بات کا زمینہ فراہم کرے گا کہ عراق بین الاقوامی و خطے کی سطح پر ایک مرتبہ پھر اپنا مقام حاصل کر لے گا اور اس کی قومی سالمیت، خود مختاری و اندرونی استحکام میں مزید بہتری آئے گی۔ حزب اللہ نے اپنے بیان کے آخر میں دنیا بھر کی جارحیت، ناجائز قبضے و دہشتگردی کے خلاف اور باہمی الفت، پرامن بقائے باہمی، مزاحمت و جارحیت سے دفاع پر مبنی عوامی حق اور آزادی و عدالت طلبی پر مبنی عوامی امنگوں کی حمایت میں دینی مرجعیت کے اہم کردار پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی کیتھولک رہنماء پوپ فرانسس گذشتہ ہفتے عراق کے اپنے دورے پر بغداد پہنچے تھے، جہاں انہوں نے وزیراعظم مصطفی الکاظمیٰ اور صدر برہم صالح سمیت اہم سیاسی و عوامی شخصیات کے ساتھ ملاقات کی تھی جبکہ ہفتے کی صبح وہ عالم تشیع کے عالیقدر مرجع آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے ساتھ ملاقات کے لئے نجف اشرف میں واقع ان کی اقامتگاہ پہنچے، جہاں دونوں دینی مراجع نے ایک گھنٹے تک اپنے ہمراہیوں سمیت بند دروازے کے پیچھے ملاقات کی۔ بعد ازاں پوپ فرانسس نے اتوار کے روز عراقی کردستان کے صدر و وزیراعظم کے ساتھ بھی ملاقات و گفتگو کی اور پھر سوموار کے روز وہ اپنے 3 روزہ عراقی کے دورے کے اختتام پر وطن واپس لوٹ گئے۔
خبر کا کوڈ : 920530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش