QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی وفد کی ایم کیو ایم مرکز آمد، گیلانی کیلئے ووٹ کی اپیل

9 Mar 2021 21:16

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، پچھلے الیکشن میں پی پی کے امیدوار سلیم مانڈوی والا کو ووٹ دیا تھا، ملاقات میں دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا وفد چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ایک بار پھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز پہنچا۔ صوبائی وزیر ناصر شاہ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ناصر شاہ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے ایم کیو ایم کے پاس حاضر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم کی قیادت سے چیئرمین سینیٹ کے لئے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی اپیل کی اور کہا پہلے نہ سہی اب سہی۔ 

ناصر شاہ نے کہا کہ رابطہ کمیٹی میں جو فیصلہ ہوگا اس سے ہمیں آگاہ کیا جائے گا، جو فیصلہ ہوگا وہ صوبے کی بہتری کیلئے ہوگا، ہماری طرف سے رابطہ کمیٹی میں مضبوط کیس پیش کیا گیا ہے، کچھ ایشوز حل طلب ہیں، ان پر اچھی پیشرفت ہوگی اور مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی دروازے بند نہیں کئے جاتے، رابطے ہوتے رہتے ہیں اور یہی جمہوریت کا حسن ہے، سینیٹ الیکشن میں اگرچہ ایم کیو ایم نے ہمیں سپورٹ نہیں کیا لیکن اب امید ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے معاملے پر ہماری حمایت کریں گے۔

ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے میڈیا کو بتایا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، پچھلے الیکشن میں پی پی کے امیدوار سلیم مانڈوی والا کو ووٹ دیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں گے ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ وفاق کے منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار دھیمی ہے لیکن 18 ویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کے پاس اختیارات زیادہ ہیں، اس لئے ہمیں مل کر ایسے اقدامات کرنے چاہئیں کہ صوبے کے عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ سڑکیں، سیوریج کی لائنیں تباہ ہوچکی ہیں، بہت سے مسائل ہیں جن پر ان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ عامر خان نے کہا کہ ہم جمہوری پارٹی ہیں اور ہمارا اپنا منشور ہے، ایم کیو ایم نے کبھی دباؤ برداشت نہیں کیا، پچھلے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے دوران ہم نے سلیم مانڈوی والا کو ووٹ دیا، اب کی بار چیئرمین سینیٹ کا ووٹ کس کو دینا ہے اس حوالے سے رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 920559

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920559/پیپلز-پارٹی-وفد-کی-ایم-کیو-مرکز-ا-مد-گیلانی-کیلئے-ووٹ-اپیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org