0
Tuesday 9 Mar 2021 23:32

کوہاٹ، تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب کمانڈر عامر جلال گرفتار

کوہاٹ، تحریک طالبان پاکستان کا انتہائی مطلوب کمانڈر عامر جلال گرفتار
اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ پولیس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے انتہائی مطلوب شدت پسند کمانڈر عامر جلال عرف کرمل کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکومت نے شدت پسند کمانڈر کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ زیر حراست شدت پسند دہشتگردی، سیکیورٹی فورسز پر حملوں، دھماکہ خیز مواد رکھنے، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری، قتل و اقدام قتل اور درجنوں سنگین مقدمات میں خیبر پختونخوا پولیس کو مطلوب تھا۔ شدت پسند کمانڈر نے صوبے میں شورش کے دوران لاچی کے علاقہ غورزندی میں دہشتگردانہ سرگرمیوں کی تربیت کیلئے ٹریننگ کیمپ قائم کر رکھا تھا، جو سال 2010 کے دوران ایک بڑے ملٹری آپریشن کے نتیجے میں تباہ کیا گیا اور اس آپریشن میں اس کمانڈر کے کئی ساتھی مارے گئے تھے۔

زیر حراست دہشتگرد سال 2011 کے دوران تیل و گیس کے ذخائر تلاش کرنے والی مول کمپنی کی گاڑیوں پر حملے کے واقعے میں بھی ملوث تھا، جس میں مول کمپنی کے ڈاکٹر کو اغواء کیا گیا تھا اور اس واقعے میں کمپنی کے سکیورٹی پر مامور پانچ اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر سہیل خالد نے پریس کانفرس کرتے ہوئے بتایا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے کوہاٹ کے دور افتادہ علاقہ تین تالاب کے موضع میر خولے کی دشوار گزار پہاڑی راستے پر ناکہ بندی کے دوران مطلوب شدت پسند کمانڈر عامر جلال عرف کرمل ولد زری داد سکنہ غورزندی لاچی کو گرفتار کرلیا ہے اور اسکے قبضے سے کلاشنکوف بمعہ درجنوں کارتوس قبضے میں لئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 920571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش