0
Wednesday 10 Mar 2021 00:03

غاصب صیہونی رژیم مغربی کنارے پر "بتدریج" قبضہ جما رہی ہے، رام اللہ

غاصب صیہونی رژیم مغربی کنارے پر "بتدریج" قبضہ جما رہی ہے، رام اللہ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مغربی کنارے سمیت تمام فلسطینی سرزمینوں پر غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر کے حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں ناجائز قبضے پر مبنی اسرائیلی سیاست کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ فلسطینی علاقوں کو نسلی بنیادوں پر خالی کروانے اور قدس شریف میں ساکن فلسطینی شہریوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال باہر کرنے کی اسرائیلی پالیسی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق رام اللہ نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی و استعماری رژیم فلسطینی عوام کو اپنی سرزمینوں سے نکال باہر کرنے کی سیاست پر مسلسل گامزن ہے اور اس مقصد کے لئے وہ فلسطینی گھروں کی مسماری کے گھناؤنے منصوبے پر تیزی کے ساتھ عمل پیرا ہے۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اپنی سرزمینوں پر آباد فلسطینی شہریوں کے گھروں کی بجلی منقطع کر کے انہیں علاقہ چھوڑنے پر مجبور کر رہی ہے جو درحقیقت مذکورہ بالا تمام علاقوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کی مذموم سازش ہے۔ اس بیان میں صیہونی جرائم کے سامنے عالمی برادری کی پراسرار خاموشی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے ان جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی نہ صرف بجائے خود جرم بلکہ درحقیقت مجرم صیہونی رژیم کے ساتھ خاموش تعاون اور اس کے جرائم پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ رام اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے یہ اقدامات درحقیقت فلسطینی مغربی کنارے کے ایک وسیع حصے پر "بتدریج قبضہ" جمانے کی مجرمانہ سازش ہے۔ رام اللہ نے اپنے بیان کے آخر میں کہا ہے کہ عالمی عدالت کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے جرائم پر تحقیقات کا ایجنڈا، اُس فلسطینی قوم کے لئے امید کی ایک کرن ہے جو غاصب صیہونی رژیم کے ناجائز قبضے پر مبنی جرائم سے براہِ راست متاثر ہے۔
خبر کا کوڈ : 920583
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش