QR CodeQR Code

ملالہ یوسفزئی کا امریکی کمپنی کے ساتھ مختلف ویڈیوز بنانے کا معاہدہ

10 Mar 2021 01:58

ملالہ یوسف زئی نے حال ہی میں ’’ایکسڑا کریکولر‘‘ کے نام سے اپنی پروڈکشن کمپنی شروع کی ہے، اس ضمن میں اُنکا امریکی کمپنی ایپل ٹی وی کیساتھ معاہدہ ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی لڑکی ملالہ یوسف زئی کا متاثر کن تدریسی ویڈیوز بنانے کے لیے مشہور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا۔ ملالہ یوسف زئی نے حال ہی میں ’’ایکسڑا کریکولر‘‘ کے نام سے اپنی پروڈکشن کمپنی شروع کی ہے، اس ضمن میں اُن کا امریکی کمپنی ایپل ٹی وی کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔ معاہدے کے حوالے سے ملالہ یوسف زئی نے انسٹاگرام پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسی طاقتور اسٹوریز بنانے پر یقین رکھتی ہوں، جو خاندانوں کے درمیان قربتیں، دوستیوں کو قائم کرنے اور بچوں کے خواب پورا کرنے میں متاثر کن ثابت ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ایپل کمپنی کے اشتراک سے نہ صرف اس طرح کی کہانیاں بنانے سے خواتین، نوجوان، لکھاری اور دیگر فن کاروں کو مدد ملے گی بلکہ جس طرح یہ لوگ اپنے فن سے دنیا کو دیکھتے ہیں، ویسے ہم بھی دیکھ سکیں گے۔ خواتین کے حقوق کی علم بردار نے اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پروگرام پارٹنر شپ پر جو معاہدہ ایپل کمپنی کے ساتھ انجام پایا ہے، اس میں ڈرامہ، ڈاکیو مینٹری، اینی میشن اور بچوں کی سیریز شامل ہیں۔ دوسری جانب ایپل کمپنی کی جانب سے بھی انسٹا گرام پر جاری کردہ پوسٹ میں کہا گیا کہ نوبل انعام یافتہ، طالب علم اور لڑکیوں کی تعلیمی وکیل ملالہ یوسف زئی ایپل ٹی وی کے لیے پروگرام بنائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 920599

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920599/ملالہ-یوسفزئی-کا-امریکی-کمپنی-کے-ساتھ-مختلف-ویڈیوز-بنانے-معاہدہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org