QR CodeQR Code

جوہری معاہدہ "جامع" ہے، امریکہ و یورپ شیخیاں بگھارنے کے بجائے اس پر مکمل عملدرآمد کریں، جواد ظریف

10 Mar 2021 17:49

ٹوئٹر پر جاری ہونیوالے اپنے ایک پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا ہے کہ جوہری معاہدہ ایک ایسا "جامع" معاہدہ ہے جس پر ایران کیساتھ ساتھ 3 یورپی ممالک اور (امریکہ سمیت) 3 دوسرے ممالک نے بھی دستخط کئے ہیں، تاہم ایران عہد شکنی کے اس اقدام کا مناسب جواب ضرور دیگا۔


اسلام ٹائمز۔ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایران کے ساتھ "جامع معاہدے" تک پہنچنے کے مطالبے پر مبنی 140 امریکی سینیٹرز کے خط کا جواب دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ایرانی جوہری معاہدہ (JCPOA) ہی ایسا "جامع معاہدہ" ہے، جس پر تمام فریقوں کو مکمل عملدرآمد کرنا چاہیئے۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے ایک پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا کہ جوہری معاہدہ ایک ایسا "جامع" معاہدہ ہے، جس پر ایران کے ساتھ ساتھ 3 یورپی ممالک اور (امریکہ سمیت) 3 دوسرے ممالک نے بھی دستخط کئے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ایرانی جوہری معاہدے کے عنوان (JCPOA) میں شامل حرف "C" کا مطلب "Comprehensive" (جامع) ہے۔ محمد جواد ظریف نے مزید لکھا کہ اس جامع معاہدے پر صرف اور صرف ایران کی جانب سے عملدرآمد کیا گیا ہے جبکہ امریکہ اور پورپ کو چاہیئے کہ وہ شیخیاں بگھارنے کے بجائے اپنے اُن عہد و پیمان پر عملدرآمد کریں، جن پر انہوں نے کبھی عمل نہیں کیا! انہوں نے اپنے پیغام میں عہد و پیمان، اقدام اور جلسے پر مبنی ہیش ٹیگز استعمال کرتے ہوئے تاکید کی ایران اس حرکت کا جواب ضرور دے گا۔

واضح رہے کہ دونوں امریکی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ تعلق رکھنے والے 140 امریکی سینیٹرز نے موجود امریکی حکومت کو ارسال کئے گئے ایک خط میں مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے (JCPOA) سے بڑھ کر ایک جامع معاہدہ دستخط کرے۔ امریکی نیوز چینل اے بی سی کے مطابق امریکی سینیٹرز نے جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے بارے دونوں امریکی سیاسی پارٹیوں کے قابل قبول "اتفاق رائے" تک پہنچنے کے لئے ایران کے ساتھ ایسا "جامع" معاہدہ دستخط کرنے کو اپنا ہدف قرار دے، جو جوہری مسائل کے ساتھ ساتھ تہران کے ساتھ موجود دوسرے اختلافات کو بھی اپنے اندر سمو لے۔


خبر کا کوڈ: 920729

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920729/جوہری-معاہدہ-جامع-ہے-امریکہ-یورپ-شیخیاں-بگھارنے-کے-بجائے-اس-پر-مکمل-عملدرآمد-کریں-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org