0
Wednesday 10 Mar 2021 19:40

کورونا کی نئی لہر، تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے اعلان سے والدین پریشان ہیں، علامہ باقر زیدی

کورونا کی نئی لہر، تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے اعلان سے والدین پریشان ہیں، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر کے بعد تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے اعلان نے والدین کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، تاہم تعلیمی حوالے سے والدین کے تحفظات بھی اپنی جگہ درست ہیں، بچوں کی معیاری تعلیم کے حصول کے لئے تعلیمی عمل کا تسلسل ضروری ہے، کورونا نے تعلیمی نظام کو بُری طرح متاثر کیا ہے، تعلیمی سلسلے میں بارہا تعطل نے طلباء کو کنفیوژ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاسز مروجہ نظام تعلیم کا متبادل نہیں، ملک کا اکثریتی طبقہ محدود وسائل کے سبب  موبائل اور دیگر جدید آلات سے استفادہ نہیں کرسکتا، لہذا مجبوراََ انہیں تعلیمی سلسلہ روکنا پڑتا ہے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں تعطیلات کی بجائے کوئی ایسی حکمت عملی اختیار کرے، جس سے طلباء کی تعلیم کا بھی حرج نہ ہو اور صحت سے متعلق ضروری تقاضوں پر بھی عمل کیا جا سکے، اس سلسلے میں ان ممالک سے رہنمائی لی جائے، جہاں کورونا کے باوجود تعلیمی نظام میں خلل نہیں پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی تعلیم یافتہ افراد کی مرہون منت ہے، ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں وہی ریاستیں شامل ہیں، جہاں خواندگی کی شرح زیادہ ہیں، اگر تعلیمی نظام پر خاطر خواہ توجہ نہ دی گئی تو یہ آنے والی نسلوں کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 920743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش