QR CodeQR Code

ریاست مدینہ کا نام لینے والوں کیساتھ آٹا اور چینی چور بیٹھے ہیں، سعد حسین رضوی 

11 Mar 2021 01:15

مظفرگڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں یا لچرپن کے لیے نہیں بنایا گیا، لوگ کہتے ہیں کہ تحریک لبیک کے پاس ووٹ نہیں، آپ ظلم چھوڑ دیں ووٹ زیادہ اور ڈبے کم پڑجائیں گے۔ 


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کا کہنا ہے کہ کشمیر فروشوں سے پاکستان کی جان بچانی ہے، کشمیر پلیٹ میں رکھ کر بھارت کو دیدیا گیا، کشمیر پر راتوں رات قبضہ ہوا لیکن یہ ہلے بھی نہیں، بابا جی کہتے تھے کہ کشمیر فتح کرنا ہے تو غوری اور بابر باہر نکالو، سپورٹس گراونڈ میں تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام منعقد ہونے والی تاجدار ختم نبوت  کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سعد حسین رضوی نے کہا کہ ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنا ہے تو آئیں آپکو بتائیں ریاست مدینہ کیسی ہوتی ہے، اوپر صفائی کرنی پڑے گی تاکہ ملک اپنی بنیادوں پر دوبارہ کھڑا ہو، علامہ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں یا لچرپن کے لیے نہیں بنایا گیا، لوگ کہتے ہیں کہ تحریک لبیک کے پاس ووٹ نہیں، آپ ظلم چھوڑ دیں ووٹ زیادہ اور ڈبے کم پڑ جائیں گے۔ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک اپنے ووٹوں پر پہرہ دینا بھی جانتی ہے، ہمارے ووٹوں پر ہاتھ پڑے تو وہ ہاتھ توڑ دیں گے۔ علامہ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا نام لینے والوں کیساتھ چینی اور آٹا چور بیٹھے ہیں، ہمیں ظالم لٹیروں کا صفایا کرنا ہے، سربراہ تحریک لبیک پاکستان کا کہنا تھا کہ اسلام اخلاق کیساتھ ساتھ آقا کی تلوار سے بھی پھیلا ہے، اگر اسلام صرف اخلاق سے پھیلا ہوتا تو کیا یہ غوری، بابر اور اپنے پروٹوکول اخلاقا رکھے ہوئے ہیں؟

علامہ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان کا کام حضور کے دین کی بات کرنا ہے، ان کے بابا سبق دے گئے ہیں کہ ستمگر کے ستم کے آگے نہ سر جھکا ہے نہ جھکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک نے پارلمینٹ کے اندر کلمہ طیبہ کا نفاذ کرانا ہے، اس اسلام کی بات نہیں کرنی جس میں دباو میں آکر حق کی بات چھوڑنی پڑجائے۔ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ اپنے مفاد کی باری آئی تو سب سیاسی مخالفین گلے مل رہے ہیں لیکن تحریک لبیک پاکستان نے صرف اپنا نظریہ نہیں بیچا، تحریک لبیک کے قائدین جو کہتے ہیں کرکے دکھاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں حکمرانی کی جاتی ہے مگر ان کے بچے باہر پڑھتے ہیں، لیکن تحریک لبیک کے قائدین اور کارکنوں کے بچوں کا مستقبل ہی پاکستان ہے، علامہ سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے کہ پاکستان کی یوتھ ان کے ساتھ ہے، آپ کے تو بچے بھی ملک سے باہر ہیں، کیا ملک میں ایسا تعلیمی ادارہ بھی نہیں بنایا جس میں آپ کے بچے پڑھ سکیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف نااہلوں کا ٹولہ آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کا ٹولہ پاکستان پر مسلط ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک سے باہر بیٹھ کر ملک کیخلاف سازش کریں۔


خبر کا کوڈ: 920796

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920796/ریاست-مدینہ-کا-نام-لینے-والوں-کیساتھ-آٹا-اور-چینی-چور-بیٹھے-ہیں-سعد-حسین-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org