0
Thursday 11 Mar 2021 01:21

نواز اور زرداری امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے ایما پر پاک فوج کیخلاف بہت بڑی سازش کر رہے ہیں، جمشید دستی 

نواز اور زرداری امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے ایما پر پاک فوج کیخلاف بہت بڑی سازش کر رہے ہیں، جمشید دستی 
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، بزدار کا جنوبی پنجاب کا آخری دورہ جون سے قبل حکومت کے خاتمے کا امکان ہے، مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اقتدار میں آئیں تو ملک ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا، موجودہ صورت حال میں کچھ عرصہ کے لئے قومی حکومت کی ضرورت، کلرک سے لیکر صدر پاکستان تک تمام کرپٹ مافیا کا احتساب کرکے ملک میں مضبوط صدارتی نظام نافذ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد دستی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں نوٹوں کی برسات پر الیکشن کمیشن اور عدلیہ کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، سیاستدانوں نے ملک کو بے دردی سے لوٹا، ملک پر چند خاندانوں کا قبضہ ہے، جو جرنیلوں کے اقتدار سمیت ہر سیاسی پارٹی کے اقتدار کا حصہ رہے ہیں جبکہ قوم کو سوائے نفرت، فسادات، خانہ جنگی، فرقہ واریت اور قتل و غارت کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، زرداری، حسین حقانی، رحمان ملک، اسحاق ڈار امریکی سی آئی اے کے ممبرز ہیں، اگر پی پی پی یا مسلم لیگ نون کو اقتدار کا موقع ملا تو ملک ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز اور زرداری امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے ایما پر پاک فوج کے خلاف بہت بڑی سازش اور عوام کو بغاوت پر اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ملک دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، جس نے وطن کے راز دشمن ملک کو فراہم کئے اور اپنی نواسی کی شادی میں مودی کو بلایا۔ انہوں نے کہا کہ بزدار کا یہ آخری دورہ جنوبی پنجاب تھا۔

عمران خان کی حکومت کو اپوزیشن سے نہیں بلکہ اپنے اتحادیوں اور اپنی ہی پارٹی کے اراکین اسمبلی سے خطرہ ہے، جو حکومت کی کمزوری سے فائدہ اٹھا کر کھلم کھلا بلیک میلنگ پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ معینہ مدت کے لیے قومی حکومت کی تشکیل کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ رہے ہیں، جس میں ایک کلرک سے لیکر صدر پاکستان تک تمام کا شفاف احتساب کرنے اور کرپٹ عناصر کو سزائے موت دیکر اس کی لاش چوک چوراہوں پر لٹکانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 920798
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش