0
Thursday 11 Mar 2021 02:16
جمہوری روایات پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں

جماعت اسلامی کسی کے تلوے چاٹ کر اقتدار میں نہیں آنا چاہتی، سراج الحق 

جماعت اسلامی کسی کے تلوے چاٹ کر اقتدار میں نہیں آنا چاہتی، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا بیان ایوانوں میں بیٹھی اشرافیہ کے منہ پر طمانچہ ہے، سب کی ویڈیوز سامنے آگئیں تو حکمران طبقہ پوری دنیا میں تماشا بن جائے گا۔ سابق چیف جسٹس نے بھی کہا تھا کہ آئین کی دفعہ 62-63 پر مکمل عملدرآمد ہوگیا تو پارلیمنٹ خالی ہو جائے گی۔ پاکستان کے نظریئے اور جغرافیہ کو بیرونی دشمنوں سے کم، اپنی آستین کے سانپوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ قوم سے دست بستہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ سانپوں کے منہ میں دودھ نہ ڈالے۔ چودھریوں، خوانین، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی بجائے حضور کی غلامی کریں گے تو ملک سے غربت اور پسماندگی دور ہوگی۔ معیشت استحصالی ہے، فٹ پاتھوں پر سونے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے، میلے کپڑے پہننے والے بچوں کے لیے ٹاٹ کا سکول اور اشرافیہ کے شہزادے آکسفورڈ کا نصاب پڑھتے ہیں، 85 فیصد پاکستانی گندا پانی پیتے ہیں، ہم ایسے بوسیدہ نظام کو کب تک لے کر چلیں گے۔؟

یہ کیا طریقہ ہوا کہ اسٹیبلشمنٹ کا احتساب اسٹیبلشمنٹ کرے، پولیس کا پولیس جبکہ غریب کو روٹی چوری کے الزام میں سالوں جیل بھگتنا پڑتی ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے فوجی عدالتوں، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، سودی نظام کے تسلسل، گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنا کر کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے سمیت تمام معاملات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، صرف جماعت اسلامی الگ کھڑی تھی۔ ہمیں کہا جاتا ہے کہ آپ اس لیے اقتدار میں نہیں آتے کہ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کی ہم سے نہیں بنتی۔ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی کسی کے تلوے چاٹ کر اقتدار میں نہیں آنا چاہتی، جمہوری روایات پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں، چاہتے ہیں کہ زور اور زر کے ذریعے نہیں، صلاحیت کی بنیاد پر لوگ اسمبلی میں جائیں۔
خبر کا کوڈ : 920805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش