1
Thursday 11 Mar 2021 19:27

علامہ سید جواد نقوی سے آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء کی ملاقات

رہنماوں کی پوپ اور آیت اللہ سیستانی کی ملاقات میں حکیمانہ موقف کی تائید
علامہ سید جواد نقوی سے آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء چیئرمین قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ کیتھولک چرچ آف پاکستان سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لاہور نے جامعہ عروہ الوثقی لاہور کے دورے میں صدر مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی، جس میں بین المذاہب مکالمے کی ضرورت اور پوپ اعظم فرانسس کی آیت‌الله سیستانی سے تاریخی ملاقات میں آیت‌الله سیستانی کے حکیمانہ موقف کی تائید کی  گئی۔ اس موقع پر  دونوں رہنماوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں لوگوں پر ہونیوالے ظلم و جبر، فقر و تنگدستی اور دینی و فکری تشدد، بنیادی آزادیوں سے محرومی اور اجتماعی عدالت کے فقدان پر بات کی۔ ملاقات میں آیت اللہ سید علی سیستانی کا حکیمانہ موقف بھی زیر بحث آیا، جس سے وہ تمام  سازشیں دم توڑ گئیں جو غاصب صہیونی ریاست کیساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے کی جا رہی تھیں۔

ملاقات میں اس دور میں عالم انسانیت کو درپیش بڑے چیلنجز اور ان چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اللہ تعالی اور اس طرف سے آنیوالے رسولوں پر ایمان اور  عظیم اخلاقی اقدار پر عمل کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کی گئی اور مشکلات و چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے دینی رہبروں اور روحانی پیشواؤں کے کردار پر بات کی گئی۔ دونوں رہبران نے پُرامن بقائے باہمی اور انسانی ہمدردی کی اقدار کو معاشروں میں رائج کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ تب ہوگا جب مختلف ادیان ومذاہب کے پیروکار اور مکاتب فکر کے ماننے والے آپس میں احترام کا رشتہ برقرار رکھیں اور ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔
 
آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شاء کی جانب سے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت خصوصاً عیسائیوں کے تحفظ میں آیت اللہ سیستانی کے کردار کی قدردانی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ایسے طرز عمل کے سبب اسلام اور عیسائیت کے باہمی تعاون کو فروغ ملے گا، مغربی ممالک میں اسلام اور تشیع کو خطرہ بنا کر پیش کرنے کی سیاست کا خاتمہ ہوگا، نیز اسلام اور عیسائیت کے حقیقی پیروکاروں کے باہمی تعاون سے دنیا کے محروم اور مستضعف لوگوں کی حالت بدل جائے گی اور ان پر مسلط کردہ ظالمانہ فضا کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔ اس موقع پر کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم سمیت دیگر علمائے کرام اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے اساتذہ بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 920931
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش