QR CodeQR Code

ووٹ کیبجائے نوٹ کو عزت دیکر جمہوریت کا جنازہ نکالا جا رہا ہے، محمد حسین محنتی

11 Mar 2021 19:27

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ پیسے و طاقت کی بنا پر اقتدار میں آنے والے کبھی بھی ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومتی دعوؤں کے برعکس مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی زندگی اجیرن اور تبدیلی کے دعویدار حکمرانوں کی جانب سے مزید قرضہ، سود، ٹیکس کی بھرمار اور مزید بجلی مہنگی کرنے کے اقدامات سے لگتا ہے کہ عملی طور پر ملک کو آئی ایم ایف کے شکنجے میں دے دیا گیا ہے، اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو مہنگائی سمیت درپیش مسائل سے نجات دلا سکتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں جماعت اسلامی سندھ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر دعوتی و تنظیمی امور پر غور کیا گیا۔ قیم صوبہ کاشف شیخ نے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 20 اور 21 مارچ کو قباء آدیٹوریم میں مدرسین کی دو روزہ تربیت گاہ، جبکہ 19 مارچ کو اپر سندھ کے سیاسی و انتخابی ذمہ داران کا تربیتی ورکشاپ منعقد کیا جائے گا۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ آج سیاست میں دلیل، صبر و تحمل اور قومی مفاد کی بجائے گالی، انتقام اور انا و ذاتی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے، ووٹ کو عزت دو کے بجائے نوٹ کو عزت دیکر سیاست، جمہوریت اور اخلاقیات کا جنازہ نکالا جا رہا ہے، پیسے و طاقت کی بنا پر اقتدار میں آنے والے کبھی بھی ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے، ذمہ داران تمام کاموں پر آخرت کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے دعوت کے کاموں کو ترجیح دیں۔


خبر کا کوڈ: 920932

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920932/ووٹ-کیبجائے-نوٹ-کو-عزت-دیکر-جمہوریت-کا-جنازہ-نکالا-جا-رہا-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org