0
Thursday 11 Mar 2021 21:42

گلگت بلتستان کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج لایا جا رہا ہے، خالد خورشید

گلگت بلتستان کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا پیکج لایا جا رہا ہے، خالد خورشید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے وزیر زراعت جی بی محمد کاظم میثم نے سی ایم ہاوس گلگت میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں محکمہ زراعت کے مجموعی ایشوز، بلتستان ریجن کے مسائل اور حلقہ دو کی محرومیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بلتستان ریجن کے ساتھ سوتیلا سلوک نہیں ہوگا۔ یہ دور انصاف کا دور ہے، تمام ریجنز کی محرومیوں کے ازالے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سکردو کا دورہ کیا جائے گا اور چند بڑے منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔ بلتستان ریجن میں کم و بیش سو میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر کام ہوگا۔ 250 بیڈ ہسپتال پر کام میں تیزی آئے گی اور محکمہ صحت کی مسنگ فیسلٹیز کو پورا کیا جائے گا۔ آر ایچ کیو ہسپتال میں ایم آر آئی مشین تنصیب کی جائے گی۔ سکردو میں بہت جلد میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ جی بی کا مزید کہنا تھا کہ شتونگ نالے کی ڈائیورژن اور سدپارہ میں سترہ میگا واٹ بجلی گھر، غواڑی بجلی گھر، ہرپوہ بجلی گھر اور شغرتھنگ پاور پراجیکٹ پر کام میں تیزی لائی جائے گی، پورے بلتستان میں صاف پینے کے پانی کی جو کمی ہے اس کو دور کیا جائے گا اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سکردو شہر بلتستان کا صدر مقام ہے، لہذا اس شہر کی خوبصورتی سمیت سیوریج کے لئے آٹھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس سے سکردو شہر کا دیرینہ اور بڑا مسئلہ حل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکردو سے براستہ شغرتھنگ استور سڑک بننے کے بعد اسلام آباد سے سکردو کا فاصلہ کم ہو جائے گا اور اسی سال کے آخر میں شغرتھنگ سڑک پہ بھی کام شروع ہوگا۔ سکردو میں دریائی کٹاو کی زد میں آبادیاں اور زرعی زمینیں ہیں، اس کی پروٹیکشن کے لئے بھی بہت جلد فنڈز مہیا کریں گے۔ گلگت سکردو روڈ جو سکردو شہر میں پہنچنے سے پہلے ختم ہوگئی ہے، اس کی توسیع شگر کھرمنگ اور خپلو تک کی جائے گی، اس کے بعد بلتستان کا نقشہ بدل جائے گا۔

خالد خورشید نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں جو سیاحتی مقامات ہیں، وہاں تک ایکسس کو آسان بنانے کے لیے راستوں کو بہتر بنایا جائے گا اور دیگر سہولیات پوری کی جائیں گی اس سے پورے خطے کی تقدیر بدل سکتی ہے اور نوجوان نسل کے لئے ٹورزم ایگرو ٹورزم اور دیگر جدید شعبوں میں آگے آنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیامر ریجن، بلتستان ریجن اور وہ تمام محروم علاقے جو محرومی کا شکار ہیں، ان کی محرومی کو دور کرنے کے لئے جامع پلان ہے اور گلگت بلتستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج گلگت بلتستان کے لیے لایا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانا اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہماری بنیادی ترجیحات میں ہے، اسے یقینی بنایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 920965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش