QR CodeQR Code

امریکا میں مقیم خاتون پر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نیٹ ورک چلانے کا الزام

11 Mar 2021 22:35

سی ٹی ڈی کے انچارچ عمر شاہد، ایس ایس پی عارف عزیز اور سندھ رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل شبیر نے میڈیا کو بتایا کہ کہکشاں حیدر امریکا میں بیٹھ کر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، ہمیں آپریشن میں یہ معلوم ہوا کہ واردات ہوتی ہے اور بینک میں رقم منتقل ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ انسداد دہشتگردی اور سندھ رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کی رکن کہکشاں حیدر کی مبینہ ٹارگٹ کلر سے گفتگو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں مقیم کہکشاں حیدر پاکستان میں منظم ٹارگٹ کلنگ ونگ چلا رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے انچارچ عمر شاہد، ایس ایس پی عارف عزیز اور سندھ رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل شبیر نے میڈیا کو بتایا کہ کہکشاں حیدر امریکا میں بیٹھ کر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، ہمیں آپریشن میں یہ معلوم ہوا کہ واردات ہوتی ہے اور بینک میں رقم منتقل ہوتی ہے۔

کہکشاں حیدر کی ویڈیو
اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آڈیو اور ویڈیو کلپ بھی پیش کیا گیا، جس میں خاتون ٹارگٹ کلر سے کام کے بدلے پیسوں کی بات کر رہی ہیں۔ کال ریکارڈنگ میں خاتون ٹارگٹ کلر سے ٹارگٹ کے حوالے سے گفتگو کر رہی ہیں۔

کہکشاں حیدر: اگر کام پلان کے مطابق ہوا تو میں تم کو 50 دوں گی۔ میں تمہیں کہہ رہی ہوں کہ 1 سے 2 لاکھ روپے کوئی مسئلہ نہیں۔ تمہاری شکایت کافی پرانی ہے، مگر تم پریشان نہ ہو۔ تم کو سب سے بہترین اور جدید چیز ملے گی۔ تمہاری قسمت کا دروازہ جمعہ کو کھلے گا۔

کال ریکارڈنگ میں کہکشاں کی جانب سے ٹارگٹ کو سر پر گولی مارنے کی ہدایت دی گئی، ٹارگٹ کلر کو موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی، منہ اور گردن پر ٹارگٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا مؤقف
ایم کیو ایم پاکستان کے نومنتخب سینیڑ فیصل سبزواری نے کہا کہ میں نے خاتون کی ویڈیو تو نہیں دیکھی، البتہ وہ پاکستان مخالف اور ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے انکا نام ماضی میں بھی سامنے آیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء کنور نوید جمیل نے کہکشاں نامی خاتون کی ایم کیو ایم سے تعلق کے حوالے سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ایسی کہکشاں نامی خاتون کو نہیں جانتے اور نہ وہ کبھی ماضی میں ایم کیو ایم کا حصہ نہیں رہیں۔

رینجرز کرنل شبیر
رینجرز کے مطابق جن ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ان کی سزا عمر قید میں تبدیل ہو چکی ہے، وہ لوگ بھی کہکشاں نامی خاتون کا نام لے چکے تھے۔ ریجنرز حکام نے کہا کہ ’را‘ کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے کئی منصوبے بنائے گئے۔ گرفتار 3 ملزموں نے اعتراف جرم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہکشاں حیدر نے قتل کی وارداتوں میں انعام کے طور پر تین لاکھ روپے بھجوائے تھے، ڈیڑھ لاکھ روپے حوالہ ہنڈی کے ذریعے ٹارگٹ کلر آصف رئیس نے وصول کیے، 1470 ڈالر فرار ساتھی چاند کی بیوی ہما کے شناختی کارڈ نمبر پر منی چینجر ناگن برانچ سے وصول کئے گئے۔

انچارج سی ٹی ڈی عمر شاہد
کراچی کی ٹارگٹ کلنگ میں امریکا میں مقیم ایم کیو ایم لندن کی کہکشاں حیدر مرکزی کردار نکلی ہیں۔ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے ایک مشترکہ آپریشن کیا ہے، 2017ء میں رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کی ٹارگٹ کلرز کی ٹیم پکڑی تھی، ایم کیو ایم لندن کا ہمیشہ سے کراچی میں دہشتگردی پھیلانے کا مقصد رہا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کی کوشش رہتی ہے کہ کراچی میں ایک بار پھر قدم جما سکے، ٹیم جب جیل گئی تو ان کی معلومات پر انٹیلی جنس آپریشن کیا جاتا رہا اور یہ بات سامنے آئی کہ امریکا سے کہکشاں نامی خاتون ٹیم کراچی میں چلا رہی تھی، گرفتار ملزمان نے عدالت ميں 164 افراد کے قتل کا اعتراف کيا، کہشاں حيدر نے الطاف حسين کے حکم پر واٹس ايپ کال پر قتل کی ہدايات ديں۔

عمر شاہد کا مزید کہنا تھا کہ کہشاں نے جون 2017ء يو سی چيئرمين رفاہ عام راشد ماموں کے قتل کی ہدايات ديں، کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کیلئے مزید ٹارگٹ کلرز گروپ تشکیل دیئے گئے۔

یوم تاسیس سے قبل الزام
سی ٹی ڈی اور رینجرز کی یہ پریس کانفرنس ایم کیو ایم کے یوم تاسییس سے ایک ہفتہ قبل سامنے آئی ہے، ایم کیو ایم لندن نے 18 مارچ کو کارکنوں اور ہمدردوں سے عزیز آباد مکا چوک پر جمع ہونے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اس روز جمع ہو کر تحریک جاری رکھنے کا عزم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایم کیو ایم لندن کی جانب سے مکا چوک پر اجتماع کی کوشش کی گئی تھی، جس پر علاقے کو پولیس اور رینجرز نے گھیرے میں لے لیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 920984

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/920984/امریکا-میں-مقیم-خاتون-پر-کراچی-ٹارگٹ-کلنگ-کا-نیٹ-ورک-چلانے-الزام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org