0
Friday 12 Mar 2021 18:59

لاہور، جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ’’مکتب الکتابِ مبین لائبریری‘‘ کا افتتاح کر دیا گیا

لاہور، جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں ’’مکتب الکتابِ مبین لائبریری‘‘ کا افتتاح کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ جامعہ عروۃ الوثقی میں دورِ حاضر کے جدید تقاضوں کے عین مطابق لائبریری ’’مکتبہ الکتاب مبین‘‘ کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی، جبکہ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے سربراہ ڈاکٹر حسین محی الدین، پروفیسر ظفر اللہ شفیق، مفتی شفاعت رسول، ڈاکٹر عامر تاسیس، پروفیسر زاہد علی زاہدی، مفتی عاشق حسین، معروف ٹی وی اینکر جسٹس (ر) نذیر احمد غازی، پروفیسر عبدالغفور راشد سمیت مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، مشائخ عظام سمیت مفکرین اور دانشور حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں علامہ سید جواد نقوی کی اس شاندار کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام نے سب سے پہلے علم کے حاصل کرنے کا حکم دیا، علم کے فروغ کیلئے علامہ سید جواد نقوی کی یہ کوششیں لائق تحسین ہیں، جو فرقہ واریت سے پاک ماحول میں تعلیم و تدریس کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنائے گی، مگر حکومت نے صرف اعلان کیا جبکہ علامہ سید جواد نقوی نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ بنا کر اس کو عملی جامہ بھی پہنا دیا۔ مقررین نے کہا کہ علامہ سید جواد نقوی پاکستان میں امن کے حقیقی سفیر اور ترجمان ہیں، جو وحدت امت کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماضی میں وحدت امت کو نقصان پہنچایا گیا، اس میں سب سے زیادہ نقصان مذہبی لوگوں نے ہی پہنچایا جس سے عوام مذہبیوں سے متنفر ہو رہے تھے مگر علامہ سید جواد نقوی نے اس تاثر کو یکسر بدل دیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ جب اسلام اپنے عروج پر تھا تو اس وقت لائبریریاں اور جامعات آباد تھیں، جن سے جابر بن حیان، ابن الہیشم، البیرونی، پیدا ہو رہے تھے، اس میدان میں امام جعفر صادق علیہ السلام نے سب سے نمایاں کردار ادا کیا اور بڑے بڑے فلسفی، مفکر، دانشور، سائنسدان، طبیب پیدا کئے اور علم کے فروغ سے ہی امت کو عروج ملا، آج اگر امت زوال کا شکار ہے تو اس کی وجہ دین اور علم سے دوری ہے، علامہ سید جواد نقوی امت کو دین اور علم کی طرف مائل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علم اور قلم کا رشتہ جڑتا ہے تو کتاب وجود میں آتی ہے، کسی بھی قوم کو ختم کرنے کیلئے اس کا علمی خزانہ ختم کیا جاتا ہے، مغرب نے اسلام کے علمی خزانے سے استفادہ کرتے ہوئے فائدہ اٹھایا اور ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ مکتب کتاب مبین کا افتتاح لاہور کے علمی خزانوں میں ایک شاندار اضافہ ہے۔ علامہ سید جواد نقوی نے اپنے افتتاحی خطاب میں شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ کتاب سے رشتہ جوڑ کر ہی اپنی دنیا و آخرت کو سنوارا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لاہور کے مرکز میں ایک جدید ترین لائبریری کا اضافہ کیا ہے جس میں دو لاکھ سے زائد کتب ہیں جبکہ اسے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی مزین کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ واریت نے بہت زیادہ نقصان کیا، اسی فرقہ واریت سے امت گروہ در گروہ تقسیم ہوتی گئی، مگر ہم نے امت کو فرقہ واریت سے نکال کر جسد واحد بنانا ہے اور اس میں احساس پیدا کرنا ہے کہ امت کے افراد اپنے بھائیوں کا احساس جسد واحد کی مانند کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی بنیاد رکھ کر وحدت کی جانب قدم بڑھایا اور آج اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں بہت مثبت نتائج ملے، دردِ امت رکھنے والے ہر فرقے اور مکتب میں لوگ موجود ہیں، جہنوں نے ہمارا ساتھ دیا اور ان شاء اللہ ہم امت کو ایک لڑی میں پروئیں گے اور امت کی وحدت کیلئے کوشاں رہیں گے، یہ لائبریری بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم مومن کی میراث ہے مگر اس سے استفادہ غیروں نے کیا، امت خرافات میں کھو گئی، ہم نے کوشش کی ہے کہ امت کو دوبارہ علم کی طرف راغب کریں اور اسے اس کی میراث سے آشنائی دیں۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ مکتب الکتاب مبین لائبریری کے ذریعے علم و معرفت کی روشنی پھیلائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 921117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش