0
Saturday 13 Mar 2021 18:26

اسلامی انقلاب کیلئے دینی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے، جمعیت اتحاد العلماء

اسلامی انقلاب کیلئے دینی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے، جمعیت اتحاد العلماء
اسلام ٹائمز۔ جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے صدر شیخ الحدیث و قرآن مولانا عبدالمالک نے کہا ہے کہ قرآن و سنت سپریم لاء ہے، قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل اور اسلامی انقلاب کیلئے دینی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے، نئے بورڈ کے قیام سمیت دینی مدارس کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت مدارس کو رجسٹریشن کرے یا نہ کرے، ہم دین کی خدمت کا کام کرتے رہیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں صوبائی دفتر کے دورے کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید، جامع مسجد قباء کے خطیب مولانا ثناءاللہ رحمانی اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ مولانا عبدالمالک نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت یہ اسلامی جمہوری ریاست ہے، یہاں قرآن و سنت سپریم لاء ہے، اسے کوئی عدالت یا مقننہ تبدیل نہیں کرسکتی۔

مولانا عبدالمالک نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت اور حکومتی سرپرستی میں نظریہ پاکستان اور ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مخلوط تعلیمی نظام سے لیکر ٹی وی ڈراموں سمیت میڈیا ذرائع سے اسلامی اقدار کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عورت حقوق مارچ کے نام پر بے حیائی کو فروغ دیا گیا، ریاست خاموش تماشائی بنی رہی، ایسے لوگوں کیلئے اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں دردناک عذاب کی وعید سنائی ہے، جن کیلئے دنیا و آخرت دونوں جگہ ذلت و رسوائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت اتحاد العلماء ملک میں اسلامی نظام کے قیام اور اتحاد امت کیلئے کوشاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 921329
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش