0
Saturday 13 Mar 2021 22:25

قرآن قیامت تک نوع بشریت کیلئے وسیلہ ہدایت و نجات ہے، آغا سید حسن

قرآن قیامت تک نوع بشریت کیلئے وسیلہ ہدایت و نجات ہے، آغا سید حسن
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے وسیم رضوی کو اسلام دشمن طاقتوں کا زرخرید آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مقدس آخری آسمانی صحیفہ ہے اور قیامت تک نوع بشریت کے لئے وسیلہ ہدایت و نجات ہے۔ آغا سید حسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وسیم رضوی نے اعلانیہ طور پر اپنی ارتدادی فکر کا اظہار کیا ہے اور یہ علماء و مفتیان ہند کی شرعی مسئولیت ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی منصبی ذمہ داریاں پورا کر کے اس کے خلاف فتویٰ صادر کریں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص مسلک اہلبیت (ع) کا لبادہ اوڑھے ہوئے دراصل شیعیت کی بدترین توہین و تذلیل کر رہا ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر کاروان اسلامی کے سرپرست مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ دنیا کے مسلمانوں کو وسیم رضوی کی طرف زیادہ توجہ نہیں دینی چاہیئے کیونکہ اسلامی دنیا میں اس کی کوئی اہمیت و وقعت ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کئی لوگوں نے تحریف قرآن کرنے کی کوشش کی لیکن وہ سب اپنے مکروہ عزائم میں ناکام ہوگئے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے خود تحفظ قرآن کی ذمہ داری لے لی ہے۔ مولانا غلام رسول حامی کا کہنا تھا کہ قرآن پاک ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور بھائی چارے اور امن و آشتی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت قرآن پاک کے ایک لفظ کو بھی بدل نہیں سکتی ہے رضوی کی بات ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امت مسلمہ کے مابین پھوٹ ڈالنے کی ایک ناپاک کوشش ہے اور اس شخص کا ملت تشیع سے کوئی واسطہ ہی نہیں ہے۔ دریں اثنا اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر کے کئی شیعہ و سنی بستیوں میں ہفتے کے روز وسیم رضوی کے خلاف احتجاج درج ہوئے جن میں لوگوں نے موصوف کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی اور اس کو فوری طور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 921356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش