0
Saturday 13 Mar 2021 22:18

کے پی کے میں ٹک ٹاک پر پابندی خوش آئند اقدام ہے، پیر معصوم نقوی

کے پی کے میں ٹک ٹاک پر پابندی خوش آئند اقدام ہے، پیر معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بے حیائی سے نئی نسل تباہ ہو رہی ہے، والدین نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو آئندہ نسلوں کی اخلاقی اقدار کا جنازہ نکل جائے گا، نوجوانوں کے اسلامی اقدار سے دور ہونے کا خدشہ ہے، من حیث القوم ہمیں قومی اخلاقیات کی مضبوطی پر توجہ دینا ہوگی، والدین کو بھی اولاد پر توجہ دینی چاہئے، پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی طرف سے ٹک ٹاک ایپ پر پابندی خوش آئند ہے، ہماری اپیل ہوگی کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کو بھی عدالت طلب کرے کہ وہ ٹک ٹاک پر فحاشی کی حمایت کیوں کرتے ہیں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وفاقی وزیر کی مادر پدر آزاد معاشرے کی خواہش آئین کیخلاف ہے، جو واضح کرتا ہے کہ کوئی قانون قرآن و سنت کیخلاف نہیں بنایا جا سکتا، مادر پدر آزاد معاشرے اور اظہار رائے کی آزادی اسلام دیتا ہے اور نہ ہی آئین پاکستان میں اس کی کوئی گنجائش ہے۔

جے یو پی سیکرٹریٹ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو میں پیر معصوم نقوی نے واضح کیا کہ آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی کیساتھ معاشرتی حدود و قیود اور ذمہ داریاں بھی ہیں، جنہیں پورا کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے ٹک ٹاک پر پابندی کو سراہتے ہوئے ایک نجی ٹی وی چینل بول پر بھی ٹک ٹاک پروموٹ کرنیوالے پروگرام پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا اور آزاد میڈیا کو اسلامی اقدار کا پابند بنانے کو ضروری قرار دیا۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ غیر اسلامی فحش مواد کی سوشل میڈیا پر یلغار کو روکنے کیلئے اسلامی اقدار کو فروغ دینا ہوگا اور خاص طور پر آئندہ نسلوں کی اخلاقی تربیت کیلئے خواتین اور ماوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی طرح سوشل میڈیا کو بھی آئین اور اسلامی اقدار کا پابند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حیرت ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ نے عدالتی احکامات کے باوجود فحش مواد نہ ہٹایا جس کا اعتراف پی ٹی آئی کے وکیل نے بھی کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 921374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش