0
Sunday 14 Mar 2021 21:39

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے 2 اپریل کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے 2 اپریل کو ملک گیر احتجاج کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز اور جبری گمشدہ افراد کے اہل خانہ نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے پیاروں کی تاحال عدم بازیابی پر شدید اضطراب کا اظہار کیا۔ کانفرنس سے خطاب میں مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علمدار حیدر، علی حسین نوید نے کا کہنا تھا کہ حکومت اور ذمہ دار ریاستی ادارے گمشدہ افراد کی بازیابی میں غیر سنجیدہ ہیں، گذشتہ کئی سالوں سے ہمیں محض رسمی وعدوں اور تسلیوں سے بہلایا جا رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے متعدد بار بھرپور یقین دہانیوں کے باوجود ہمارے نوجوان گھروں تک نہیں پہنچے، کورونا وباء کے پھیلاؤ کے بعد ہماری تشویش مزید بڑھ گئی ہے، گمشدہ افراد کی بازیابی میں لیت و لعل نے ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا ہے، اگر ہمارے نوجوان رواں ماہ کے اختتام تک بازیاب نہ ہوئے تو جبری گمشدگان کے اہل خانہ 2 اپریل سے پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاستی اداروں سمیت ہر مقتدر شخصیت تک اپنی آواز پہنچائی ہے لیکن ہمارے ساتھ اس طرح روایتی ٹال مٹول کا انداز اپنایا جا رہا ہے جیسے ہماری حیثیت کسی ریاست میں پناہ گزیں کی ہو، مسلک یا مذہب کی بنیاد پر سنگین نوعیت کی انتقامی کارروائیاں ظالمانہ اقدام اور آئین و قانون کی بدترین پامالی ہے، جن افراد کو گھروں سے اٹھایا گیا ہے، اگر وہ کسی جرم میں ملوث ہیں تو آئین اور قانون کے مطابق انہیں عدالتوں کے سامنے پیش کیا جانا چاہیئے لیکن ایسا نہیں کیا جا رہا، متعلقہ اداروں کی طرف سے مسلسل یقین دہانیوں کے باوجود گمشدہ افراد کو منظر عام پر لانے کی بجائے مزید افراد کی خفیہ پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے، آئے روز بے گناہ افراد بااختیار اداروں کے ظلم و ستم کا شکار بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبری گمشدہ افراد اگر مجرم ہیں تو انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے، کسی کو ماورائے عدالت سزا دینے کا اختیار حاصل نہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کے لئے 2 اپریل کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 921523
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش