0
Tuesday 16 Mar 2021 12:26

کوئٹہ، 3 کم سن بہن بھائیوں کو گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا

کوئٹہ، 3 کم سن بہن بھائیوں کو گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ شہر کے مضافات میں نیو سریاب علاقے میں 3 سے 5 سال کے عمر کے 3 بہن بھائیوں کو ان کے گھر میں گلا کاٹ کر کے قتل کردیا گیا جبکہ چوتھا بچہ زخمی پایا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جب نامعلوم افراد نے بچوں کو ان کے گھر میں ذبح کیا اس وقت ان کے والدین گھر میں موجود نہیں تھے۔ اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس علاقے میں پہنچ گئی جہاں اسے 3 بچوں کی لاشیں ملیں جبکہ ایک زخمی بچی ملی جس کاگلا کاٹا گیا تھا۔ بعدازاں لاشوں اور زخمی بچی کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔

سریاب پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس افسر عبدالحئی بلوچ نے کہا کہ جب پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوئے تو انہیں ایک کمرے میں تین بچوں کی لاشیں ملیں جبکہ دوسرے کمرے میں زخمی بچی موجود تھی جس کے گلے پر زخم تھا۔ بچی کی شناخت کشمالہ بی بی کے نام سے ہوئی جس کی عمر 7 سال ہے اور اس کی بھی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق بچوں کے والد ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ آف بلوچستان کے ایک سرکاری ملازم ہیں اور ایک موٹر سائیکل شوروم بھی چلاتے ہیں جبکہ بچوں کی والدہ کا شہر میں بیوٹی پارلر ہے۔ بچوں کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ اس خاندان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں تھی۔ پولیس نے مقتول بچوں کی شناخت 5 سالہ حسین اللہ، 3 سالہ زین اللہ اور 4 سالہ اقصیٰ کے نام سے کی۔ علاوہ ازیں پولیس نے اس لرزہ خیز واردات کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 921793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش