QR CodeQR Code

افغان طالبان کا 10 ارکان پر مشتمل وفد ماسکو میں منعقد اجلاس میں شریک ہوگا، محمد نعیم

16 Mar 2021 16:42

امریکا نے روس کے ساتھ تناؤ کے باوجود ماسکو کے کردار کا خیرمقدم کیا ہے اور سفارتکاری کا قدم بڑھاتے ہوئے اپنے دوسرے حریف چین سے بھی مشاورت کی ہے۔ جوبائیڈن جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ اور طالبان کے مابین معاہدے پر قائم رہنا چاہیے یا نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ دوحہ میں طالبان نے تصدیق کی ہے کہ سینئر ارکان پر مشتمل ان کا ایک وفد افغانستان میں جنگ کے خاتمے سے متعلق مستقبل کے لائحہ پر افغان حکومت سے ماسکو میں ملاقات کرے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ماسکو کے زیر اہتمام اجلاس میں دونوں فریقین جمع ہوں گے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے مئی کے آخری حصے میں فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا افغانستان میں 2 دہائیوں سے جاری جنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ اس ضمن میں واشنگٹن نے افغان قیادت کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد طالبان کی دوبارہ مقبولیت کے خظرات کے پیش نظر ایک جامع حکومت اور امن معاہدے کے قیام کے لیے کام کرے۔

قطر میں طالبان کے ترجمان محمدنعیم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ شریک بانی ملا برادر اخوند کی سربراہی میں امارات اسلامیہ افغانستان کے 10 ارکان پر مشتمل وفد ماسکو میں منعقد اجلاس میں شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو کی میزبانی میں امن مذاکرات کا اجلاس ہورہا ہے۔ امریکا نے روس کے ساتھ تناؤ کے باوجود ماسکو کے کردار کا خیرمقدم کیا ہے اور سفارتکاری کا قدم بڑھاتے ہوئے اپنے دوسرے حریف چین سے بھی مشاورت کی ہے۔ جوبائیڈن اس امر کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ اور طالبان کے مابین معاہدے پر قائم رہنا چاہیے یا نہیں۔ خیال رہے کہ مذکورہ معاہدے کی رو سے امریکا کو مئی کے آخر تک اپنی فوجیوں کو افغانستان سے نکلنا ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے افغان رہنماؤں کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہیں نئی، جامع حکومت پر غور کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی تھی کہ ترکی میں طالبان کے ساتھ جامع معاہدے کے لیے آئندہ ہفتوں میں مذاکرات ہوں گے۔ وزیر خارجہ میلوت کیوسوگلو نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ترکی اپریل میں افغان امن کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ روس اور ترکی کے اقدامات دوحہ میں افغان حکومت کے مابین قطر کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات کے ساتھ ساتھ چلیں گے جو ستمبر 2020 سے طویل وقفے وقفے سے جاری ہے۔ میلوت کیوسوگلو نے کہا کہ انہوں نے استنبول کے اجلاس سے فوری پیشرفت کی توقع نہیں ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 921860

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/921860/افغان-طالبان-کا-10-ارکان-پر-مشتمل-وفد-ماسکو-میں-منعقد-اجلاس-شریک-ہوگا-محمد-نعیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org