0
Wednesday 17 Mar 2021 02:31

21 مارچ کے جلسہ کیلئے کسی قسم کی روکاٹ کو برداشت نہیں کیا جائیگا، ڈاکٹر صفدر ہاشمی

21 مارچ کے جلسہ کیلئے کسی قسم کی روکاٹ کو برداشت نہیں کیا جائیگا، ڈاکٹر صفدر ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راو محمد ظفر اور امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے چونگی نمبر 9 پر ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور اس نااہل ٹولہ کے خلاف جماعت اسلامی میدان میں نکلی ہوئی ہے، ملتان میں ہونے والا جلسہ نااہل حکمرانوں کے خلاف عوام کا ریفرنڈم ہوگا، جب پارٹیاں خرید و فروخت میں مصروف تھیں، اس وقت بھی ہم میدان میں تھے، مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کھڑی تھی، جب پیسے لیکر ووٹ کی خرید و فروخت اور آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی تھیں۔ جماعت اسلامی میدان میں تھی اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی تھی۔ راو محمد ظفر نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وبا ہے ہمیں ایجوکیٹ نہ کریں، ہم کورونا کے بارے میں آپ سے زیادہ بہتر جانتے ہیں۔ جب انتظامیہ کے پاس کٹس موجود نہیں تھیں، جماعت اسلامی نے کٹس فراہم کیں، ہماری خدمت کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔

راو محمد ظفر نے کہا کہ جلسہ کے شرکاء کے لیے ماسک اور سینیٹائزر کا انتظام ہوگا، کورونا کی آڑ میں مسٹر بزدار اور مسٹر خان اس پنگے میں نہ پڑیں۔ اے ڈی سی جی کون ہوتے ہیں جو ہمارے فلیکس پھاڑتے ہیں، غلہ منڈی،کپڑا منڈی، چوک بازار، صرافہ بازار کے لوگ نکلیں گے۔ راو محمد ظفر نے کہا کہ ایمرسن کالج کے آٹھ ہزار طالب علم اپنے حقوق کے لیے تعلیم کش پالیسیوں کے خلاف جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ ملتان انتظامیہ نے جو بدمعاشی کی ہے، اس کی تلافی کرو اور اپنے عمل سے رک جاو۔ اے ڈی سی جی ملتان تمہاری نوکری عارضی ہے، جماعت اسلامی عارضی نہیں تم جہاں جاو گے جماعت اسلامی سے تمہارا سامنا ہوگا۔ ایسے کام مت کرو، جو خلاف قانون ہیں۔ جلسہ احتجاج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، چینی کا ریٹ 100 روپے ہوگیا ہے، گھی دالوں کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے، اس موقع پر سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی اور صدر جے آئی یوتھ رانا فیضان جہانگیر بھی ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 921948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش