0
Wednesday 17 Mar 2021 21:09

نواسہ رسولؐ کا میلاد عظیم الشان انداز سے منانا چاہیے، سیدہ زہرا نقوی

نواسہ رسولؐ کا میلاد عظیم الشان انداز سے منانا چاہیے، سیدہ زہرا نقوی
اسلام ٹائمز۔ ولادت با سعادت امام حسین علیہ السلام و حضرت عباس علمدار علیہ السلام کے پُرمسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں تمام امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تین اور چار شعبان المعظم سید الشھداء امام حسین علیہ السلام اور ان کے با وفا بھائی اور سالارِ لشکر حضرت غازی عباس علمدار علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے یہ مبارک ایام تمام اہل اسلام و محبان اہلبیت علیھم السلام کیلئے عید سے کم نہیں، یہ ایام جو اہلبیت سے منسوب ہیں تمام عاشقان محمد و آل محمد علیھم السلام کیلئے باعث برکت اور پُرمسرت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسولؐ کا میلاد عظیم الشان انداز سے منانا چاہیے کیونکہ یہ وہ ہستی ہیں جن کے دم سے دین اسلام اور کل انسانیت کو بقاء و دوام حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جناب رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے امام عالی مقامؑ کی فضیلت و عظمت پر کثرت سے روایات موجود ہیں، آپ کی ذات گرامی منبع ہدایت ہے اور تاریک دلوں کو روشن کرنیوالے نور کا سرچشمہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ فرزند حیدرؑ و بتولؑ تمام انسانوں کیلئے نجات کی کشتی ہیں اور ہدایت کا چراغ ہیں۔ انہوں نے کہا  امام حسین علیہ السلام نے معرکہ کربلا سجا کر رہتی دنیا تک آنیوالی نسلوں کو عزت سے جینے کا راستہ دکھلا دیا۔ حضرت عباس علیہ السلام کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوۓ سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کربلا کے میدان میں حضرت عباس علیہ السلام نے جس عزم و حوصلہ، شجاعت و بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اس کو بیان کرنے کا مکمل حق ادا کرنا نہ تو کسی زبان کیلئے ممکن ہے اور نہ ہی کسی قلم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اسے لکھ سکے۔

سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ مولا حسینؑ کے با وفا اور زمانے کے فقیہ بھائی نے جرات و بہادری اور وفا کیساتھ ساتھ اپنے امام کی اطاعت کرنے کا سلیقہ ہمیں سکھایا۔ انہوں نے بتلایا کہ امام وقت کے ہر حکم کے سامنے کیسے سر تسلیم خم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہمارا لاکھوں سلام ہو اہلبیت علیھم السلام کے عظیم گھرانے پر جو شمع ہدایت ہیں اور جن کی پاک و پاکیزہ سیرت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 922075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش