0
Thursday 18 Mar 2021 00:05

عمران خان بحرانوں کو گھمبیر بنا سکتے ہیں بحرانوں کا خاتمہ تنہاء انکے بس کا روگ نہیں، لیاقت بلوچ 

عمران خان بحرانوں کو گھمبیر بنا سکتے ہیں بحرانوں کا خاتمہ تنہاء انکے بس کا روگ نہیں، لیاقت بلوچ 
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مرکزی قائدین کے اجلاس اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے حقائق اور ماضی کی اتحادی سیاست کے تجربات کی روشنی میں فیصلہ کیا تھا کہ اپوزیشن کا کردار اپنے بیانیہ اور اپنی جدوجہد پر ہی کریں گے۔ پی ڈی ایم اپوزیشن اتحاد کی صورتحال نااہل، ناکام عوام دشمن حکومت کو بھی سہارا دے رہی ہے اور جماعت اسلامی کا مبنی برحق سیاسی قومی موقف درست ثابت ہو رہا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے اندرونی اختلافات اگرچہ حکومت کے لیے ریلیف کا باعث بن رہے ہیں لیکن حکومت اس قدر بے حال، ناکام اور نااہل ہوچکی ہے کہ ملک و ملت کو درپیش بحرانوں سے نکلنے کے لیے قومی ترجیحات، غیر جانبدارانہ انتخابات، بااختیار بلدیاتی نظام اور عوام کے لیے ہولناک اقتصادی بحران سے نجات کے لیے قومی قیادت کو قومی ڈائیلاگ اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ عمران خان بحرانوں کو گھمبیر بنا سکتے ہیں، بحرانوں کا خاتمہ تنہاء ان کے بس کا روگ نہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ تمام دینی جماعتوں اور مسالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ملی یکجہتی کونسل قومی وحدت اور فرقہ وارانہ شدت و انتہاء پسندی کے مقابلہ میں اللہ کی بڑی نعمت ہے۔ پاکستان کو سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت اسلامی، تہذیبی، نظریاتی اور اخلاق و کردار کے بحرانوں کا شکار کر دیا گیا ہے۔ عورت مارچ میں بیہودہ مظاہرہ پر حکومتی اور بڑی سیاسی جماعتوں کی خاموشی بڑا المیہ ہے، پاکستان میں حکومت نے قرآنی آیات کو نصاب تعلیم سے خارج کیا اور مودی کے ملک میں بدباطن وسیم رضوی قرآن سے آیات نکالنے کے لیے بھارتی سپریم کورٹ میں گیا ہے۔ فرانس کے صدر اور پارلیمنٹ مسلسل شعائر اسلام پر حملہ آور ہیں۔ اسلام کی مخالفت کے لیے اسلامو فوبیا کے نام پر دن منایا جا رہا ہے۔ مسلم حکمران خاموش ہیں، ان حالات میں علماء، مشائخ کو ہر سیاست سے بالاتر ہو کر حفاظت اور غلبہ اسلام کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔
 
خبر کا کوڈ : 922102
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش