QR CodeQR Code

حکومت سول سیکرٹریٹ کے نام پر خطے کے عوام سے مذاق بند کرے، راو عبدالقیوم شاہین

18 Mar 2021 00:53

 تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین نے لیبرونگ کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے منشور میں علیحدہ صوبے کا وعدہ کرنے والی حکومت خودمختار سول سیکرٹریٹ بھی نہ دے سکی، اگر حکومت اس خطے کے عوام سے مخلص ہے تو فوری طور پر سول سیکرٹریٹ کو مکمل اختیارات کے ساتھ فعال کرے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم شاہین نے کہا ہے کہ حکومت سول سیکرٹریٹ کے معاملے پر اس خطے کے عوام سے مذاق بند کرے، دوحصوں میں تقسیم سول سیکرٹریٹ کے قیام اور 18 سیکرٹریز کی تعیناتی سے عوام کو ایک امید پیدا ہوئی تھی کہ اب شائد انہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہور کے دھکے نہیں کھانے پڑیں گے۔ اسی امید پر عوام نے بادل نخواستہ سیکرٹریٹ کی تقسیم بھی قبول کی مگر حکومت اس پر بھی عمدرآمد میں ناکام نظر آتی ہے۔ ایک ایسی حکومت جس نے اپنے منشور میں اس خطے کو علیحدہ صوبہ بنانے کا وعدہ کیا مگر تین سال گزرنے کے باوجود اپنا اعلان کردہ ایک سیکرٹریٹ بھی نہ دے سکی جو کہ حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ اوراس خطے کی عوام کیلئے تشویشناک ہے۔ اگر حکومت اس خطے کی عوام سے مخلص ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے تو اسے چاہیے کہ فوری طور پر سول سیکرٹریٹ کو مکمل اختیارات کے ساتھ فعال کرے۔ شنید ہے کہ پنجاب حکومت ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کیلئے علیحدہ علیحدہ شاندار عمارت کی تعمیر کا ارادہ رکھتی ہے تو اس حوالے سے ہمارا موقف یہ ہے کہ سیکرٹریٹ اینٹ پتھر کی دیواروں سے نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کرنے سے مفید ہوگا۔ ایک سال گزرنے کے باوجود ابھی تک کوئی سنجیدہ پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے۔تحریک صوبہ ملتان بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ سول سیکرٹریٹ کو فوری اختیارات دے کر فعال کیا جائے اور عوامی مسائل ان کے اپنے خطے میں ہی حل کئے جائیں۔ وہ تحریک صوبہ ملتان لیبرونگ کے مرکزی عہدیدارن مسعود علوی، فیاض بھٹی، غلام حسین انصاری، عبدالرزاق بھٹی اور دیگر سے گفتگو کر رہے تھے۔


خبر کا کوڈ: 922104

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/922104/حکومت-سول-سیکرٹریٹ-کے-نام-پر-خطے-عوام-سے-مذاق-بند-کرے-راو-عبدالقیوم-شاہین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org