0
Thursday 18 Mar 2021 20:46

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے بورڈ سے ملحقہ مدارس دینیہ کا نیا نصاب جاری کر دیا

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے بورڈ سے ملحقہ مدارس دینیہ کا نیا نصاب جاری کر دیا
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے مدارس دینیہ کے نصاب کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس میں ”نظام المدارس پاکستان“ کا نیا نصاب پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے علمائے کرام کو دعوت دی کہ وہ جو تجاویز دیں گے کھلے دل کے ساتھ قبول کریں گے۔ ہمارا کسی بورڈ، مکتب فکر سے کوئی مقابلہ نہیں، ایسی سوچ کو بھی گناہ سمجھتا ہوں، ہم اسلاف کی اعلیٰ علمی، اخلاقی اقدار کے احیاء کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، میں مکالمہ پر یقین رکھتا ہوں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درس نظامی کا موجودہ نصاب 272 سال پرانا ہے، آخری بار اورنگزیب عالمگیر کے زمانے میں اسے اس وقت کے معروف عالم دین ملا قطب الدین سہالوی کے صاحبزادے ملا نظام الدین فرنگی محلی نے ترتیب دیا تھا۔ سوال یہ ہے کہ 272 سال پرانا درسِ نظامی آج کے زمانے کے تقاضے کس حد تک پورے کر سکتا ہے؟ دنیا بھر میں زمانے کے حالات و واقعات کے مطابق نصاب پر نظر ثانی ہوتی رہتی ہے، برصغیر میں انگریز کی آمد سے مدارس دینیہ کا نصاب جمود کا شکار ہو گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس جمود کو توڑا جائے، عالم دین کو علم، گفتار، کردار اور اخلاق کے اعتبار سے سوسائٹی میں منفرد اور ممتاز نظر آنا چاہیے۔ اللہ کی ذات کو تحرک پسند ہے، سچا عالم علمی جمودکا شکار نہیں ہو سکتا، اسلام قیامت تک کے سیاسی، سماجی، معاشی تقاضے پورے کرنے کی تعلیمات اور فکر کا حامل ہے۔ عالم وہ ہے جس کا علم اس کی زندگی میں ہر وقت بڑھتا رہے۔ اعتدال اور علم و تقویٰ پر مبنی اسلامی معاشرہ کی تشکیل کیلئے مسجد، مدرسہ اور خانقاہ کے علمی، تربیتی اور روحانی کردار کا احیاء ضروری ہے۔ اس کیلئے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب ناگزیر ہے۔ انہوں نے نظام المدارس پاکستان کے متعارف کروائے گئے نئے نصاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظام المدارس پاکستان میں زیر تعلیم طالب علم 8 سال کے تدریسی عرصہ کے دوران نصابی کتب کیساتھ ساتھ 364 کتب کا مطالعہ کرے گا، اُسے علوم القرآن، علوم الحدیث، سیرت، تصوف، عقائد  کیساتھ اخلاقیات اور دوسرے مسالک اور مذاہب کے ساتھ ہم آہنگی اور مکالمہ کی بھی تعلیم دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے یہودیوں، رومیوں کی زبان سیکھنے کا بھی حکم دیا تھا تاکہ ان کی زبان میں انہیں جواب دیا جا سکے۔ دیگر اقوام کی زبانوں کو سیکھنا سنت نبوی ﷺ ہے، اسلام میں تنگی نہیں کشادگی اور توسع ہے، ہم اپنے آپ کو مسالک کے خانوں میں بند کر کے اسلام کے عالمگیر پیغام اور تعلیمات کی حقیقی برکات اور ثمرات نہیں سمیٹ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے نصاب میں اساتذہ کیلئے تعلیمی ریفریشر کورسز بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ علم و عمل میں پختہ استاد ہی حقیقی وارثان انبیاء کی ایک نسل تیار کر سکتا ہے۔ قومی کانفرنس نظام المدارس پاکستان کے زیراہتمام آن لائن منعقد ہوئی۔ مرکزی تقریب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ویڈیو لنک پر لاہور، کراچی، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، جہلم، سیالکوٹ، گجرات، حیدر آباد، کوئٹہ، میر پور، ساہیوال، اوکاڑہ، پشاور، ہزارہ سمیت پاکستان کے 300 چھوٹے، بڑے شہروں میں علمائے کرام، مہتممین و مدرسین کو خطاب کیا اور نیا نصاب پیش کیا۔ نصاب مطالعہ کیلئے منہاج القرآن اور نظام المدارس پاکستان کے سوشل میڈیا لنکس پر دستیاب ہے۔
خبر کا کوڈ : 922234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش