0
Friday 19 Mar 2021 00:47

جی بی کیلئے ترقیاتی پیکج تیار، وزیراعظم جلد اعلان کرینگے

جی بی کیلئے ترقیاتی پیکج تیار، وزیراعظم جلد اعلان کرینگے
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے وفاقی پیکج تیار کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان پیکج کا خود اعلان کرینگے۔ ذرائع کے مطابق اڑھائی کھرب سے زائد مالیت کے مجوزہ ترقیاتی منصوبے کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جسے ایک ہفتے کے اندر وزیراعظم عمران خان کو پیش کیا جائے گا۔ دوسری جانب جمعرات کے روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سراہی میں گلگت بلتستان میں ترقیاتی پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور سیکرٹری پلاننگ نے شرکت کی۔ اسد عمر نے اجلاس کو بتایا کہ گلگت بلتستان پیکج کا بیشتر کام مکمل کر لیا گیا ہے، جی بی پیکج پر رپورٹ ایک ہفتے کے اندر وزیراعظم کو پیش کرینگے، پیکج کا مقصد گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنا ہے، پیکج کے تحت روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور خطے کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان گلگت آکر جی بی کیلئے اہم ترقیاتی پیکج کا اعلان کرینگے۔ 250 ارب سے زائد مالیت کے ترقیاتی پیکج میں ہائیڈرو پاور، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹیشن، سکالرشپس، زراعت، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں درجنوں ترقیاتی منصوبے ہونگے۔ اس پیکج میں جاری و منظور شدہ منصوبے بھی شامل ہیں، جن کو ترجیحی بنیادوں پر پانچ سال کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ اس سے پہلے جی بی پیکج کی تیاری کیلئے وفاقی وزیر پلاننگ اسد عمر کی سربراہی میں اپیکس کمیٹی بنائی گئی تھی۔ کمیٹی گذشتہ دو ماہ سے پیکج کی تیاری پر کام کر رہی تھی۔ گذشتہ ہفتے وفاقی وزیر پلاننگ اسد عمر نے گلگت میں آکر اس پیکج کا اعلان کرنا تھا، تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے نہ آسکے۔ اب وزیراعظم خود پیکج کا اعلان کرینگے۔ ادھر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اس پیکج کو اہم سنگ میل قرار دے رہی ہے، کیونکہ پانچ سالہ منصوبے کے ذریعے جی بی میں اڑھائی کھرب کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 922294
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش