0
Friday 19 Mar 2021 16:54

حضرت عباسؑ وفا شعاری اور جانثاری کا اعلیٰ نمونہ تھے، علامہ ساجد نقوی

حضرت عباسؑ وفا شعاری اور جانثاری کا اعلیٰ نمونہ تھے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 4 شعبان المعظم یوم ولادت حضرت عباسؑ کے موقع پر کہا کہ حضرت عباسؑ ابن علیؑ دنیا میں وفاشعاری اور جانثاری کا اعلیٰ نمونہ تھے، جس طرح امیر المومنین علی ابن ابی طالبؑ نے پیغمبر گرامی کے ساتھ وفاشعاری کی داستانیں رقم کیں اسی طرح حضرت عباسؑ نے نواسہ پیغمبر کے ساتھ وفا اور محبت کے تمام تقاضے پورے کئے۔ ان کی شخصیت جبر و آمریت اور ظلم و بربریت کے خلاف قیام کا استعارہ ہے اور حق پرستوں اور وفا شعاروں کے لئے رہنمائی کا ذریعہ اور روشنی کا مینار ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حضرت عباسؑ کی زندگی کا اہم پہلو یہ ہے کہ وہ اپنے والد گرامی امیر المومنینؑ کے تربیت یافتہ تھے، یہی وجہ ہے کہ انہیں مرد فقیہ اور عبد صالح جیسے القابات سے نوازا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کربلا میں لشکر حسینیؑ کے سپہ سالار کی حیثیت سے جرات و بہادری اور دلیری و وفاشعاری کی لازوال داستان حضرت عباسؑ نے رقم کی۔حضرت عباسؑ نے اپنے والد گرامی کی سرپرستی میں ہر محاذ پر صف اول میں مجاہدانہ کردار ادا کیا اور شجاعت و بہادری کے ساتھ ساتھ علم و حکمت کے بھی جوہر دکھائے، جن سے استفادہ کرکے آج بھی اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو سنوارا جاسکتا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے اس پرمسرت موقع پر عالم اسلام کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ اگر اسلامی افواج کے سپہ سالار حضرت عباسؑ کے کردار، دلیری اور وفاشعاری کو اپنائیں تو ظلم و جبر اور دشمن قوتوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 922379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش