QR CodeQR Code

عید کے بعد لانگ مارچ کریں گے اور حکومت کو چلتا کریں گے، رانا ثناء اللہ

20 Mar 2021 12:32

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا منسوخ ہونا غلط ہوا ہے لیکن قربانی کی عید سے پہلے ان کی قربانی کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عید کے بعد لانگ مارچ کریں گے اور حکومت کو چلتا کریں گے۔ لاہور میں انسداد منشیات عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو ہمیں جاری رکھنا چاہیے تھا، لانگ مارچ کا منسوخ ہونا غلط ہوا ہے لیکن قربانی کی عید سے پہلے ان کی قربانی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی استعفوں کے حق میں نہیں تھی، خیال تھا کہ شاید پیپلز پارٹی سندھ حکومت کی وجہ سے استعفوں سے اجتناب کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹیوں نے تجویز دی کہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دیے جائیں، استعفوں پر اختلاف کو بیٹھ کر حل کریں گے۔ رہنما نواز لیگ نے کہا کہ پی ڈی ایم دوبارہ منظم ہو کر لانگ مارچ کا اعلان کرے گی، ملک و قوم کی اس ٹولے سے جان چھڑائیں گے، عید کے بعد لانگ مارچ کا اعلان کریں گے اور قربانی سے پہلے ان کی قربانی ہو گی۔ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا ایک مؤقف ہے، پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں گئی ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی کے فیصلے کے بعد پی ڈی ایم دوبارہ سر جوڑ کر بیٹھے گی۔


خبر کا کوڈ: 922527

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/922527/عید-کے-بعد-لانگ-مارچ-کریں-گے-اور-حکومت-کو-چلتا-رانا-ثناء-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org