0
Saturday 20 Mar 2021 18:16

وطن عزیز کو سر سبز و شاداب بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ظفر اقبال نوری

وطن عزیز کو سر سبز و شاداب بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ظفر اقبال نوری
اسلام ٹائمز۔ انجمن طلبہ اسلام کے سابق مرکزی صدر، بانی امیر مصطفائی تحریک اور چیئرمین پیس مشن امریکہ ڈاکٹر ظفر اقبال نوری نے کہا کہ وطن عزیز کو سر سبز و شاداب بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، پاکستان میں رقبے کے لحاظ سے جنگلات کی شرح بہت کم ہے، دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک اپنے رقبے کے حساب سے پچیس فیصد جنگلات لگاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں جنگلات کی شرح پانچ فیصد سے بھی کم ہے، جس کی وجہ سے ہمارا ملک ماحولیاتی و زمینی آلودگی اور دیگر ناگہانی آفات میں گھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو شادابی پاکستان مہم میں شامل ہو کر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، ضرورت ہے کہ قوم کا بچہ بچہ اپنے حصے کا پودا لگا کر شجر کاری میں حصہ لے، شجر کاری رحمت باری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادابی پاکستان مہم کے سلسلہ میں نیشنل فاریسٹ پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پارک میں پودا لگا کر شادابی پاکستان مہم کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب سے مصطفائی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات خواجہ خالد آفتاب نے خطاب کرتے کہا کہ پودے لگانا بہترین صدقہ جاریہ ہے، آنیوالی نسلوں کیلئے پودے لگانا ضروری ہو گیا ہے۔ تمام شعبہ پائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مصطفائی تحریک پاکستان کی شادابی پاکستان مہم کا حصہ بنیں، ہر فرد ایک پودا لگا کر مہم کو کامیاب کرے۔ انجمن طلبہ اسلام کے سابق سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی نے کہا ایک درخت کئی سو زندگیوں کی بقاء کی جنگ لڑتا ہے، آلودگی سے محفوظ اور صاف ستھرے ماحول کیلئے درخت لگانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ شجر کاری نیکیوں کی منافع بخش سرمایہ کاری ہے۔

شجر کاری تقریب سے سینئر صحافی محمد افضل مجاہد، سید ارشد حسین گیلانی، سردار محمد علی قمر ڈوگر، ڈاکٹر امتیاز سجاد، سردار عرفان نواز ڈوگر، شیخ محمد اشرف راجا، عرفان خان نیازی، میاں ارشد واصف، محمد احمد فریدی اور دیگر نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں مصطفائی تحریک کے ممبر مشاورتی کونسل پنجاب چودھری مشتاق احمد قادری نے ڈاکٹر ظفر اقبال نوری کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر پرُتکلف ظہرانہ بھی دیا۔
خبر کا کوڈ : 922579
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش