QR CodeQR Code

کچھ عناصر عبوری صوبے کی قرارداد کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں، سعدیہ دانش

20 Mar 2021 20:17

اپنے ایک بیان میں رکن گلگت بلتستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ عبوری صوبے کے معاملے پر صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کی خاموشی حیران کن ہے۔ عبوری صوبے کی قرارداد کا دفاع کرنا تو دور کی بات تحریک انصاف عبوری صوبے کے لفظ کو بھی اپنے منہ میں لانے سے کتراتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی و ممبر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے جوانوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی صوبائی حکومت بالخصوص صوبائی وزیر خزانہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں سعدیہ دانش کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ڈھائی سال کے عرصے میں پہلی بار وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا مگر گلگت بلتستان میں وزراء اس حوالے سے عدم دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ وفاق میں نیازی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی خوشامدیوں کی وجہ سے مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، مزدور اور کم تنخواہ دار طبقہ بھی ان پالیسیوں کے سبب فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ ان حالات میں ملازمین کی تنخواہ بڑھانے کی بجائے ان کو کئی مہینوں سے تنخواہ ہی ادا نہیں کی جا رہی اور جب اس حوالے سے حکومت سے پوچھا جاتا ہے تو جھوٹ بولتے ہیں کہ بجٹ ریلیز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عبوری صوبہ پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے جس پر آج تمام سٹیک ہولڈرز متفق ہیں، وہ پاکستان پیپلزپارٹی کا ویژن ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کا مکمل ازالہ چاہتی ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبوری صوبے کے معاملے پر صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کی خاموشی حیران کن ہے۔ عبوری صوبے کی قرارداد کا دفاع کرنا تو دور کی بات تحریک انصاف عبوری صوبے کے لفظ کو بھی اپنے منہ میں لانے سے کتراتی ہے۔ ان کی خاموشی سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ لوگ کتنے سیاسی طور پر شعور و آگہی رکھتے ہیں۔ اسمبلی سے اتفاق رائے سے پاس ہونے والی قرارداد کے متن کو عوام تک پہنچانا اور اس کا دفاع کرنا حکومتی اراکین اور وزراء کا کام ہے جس میں یہ لوگ مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے کچھ عناصر عبوری صوبے کی قرارداد کے حوالے سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں جو آئندہ دنوں میں حکومت کی اس نالائقی کی وجہ سے ان کا درد سر بن سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 922600

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/922600/کچھ-عناصر-عبوری-صوبے-کی-قرارداد-کے-حوالے-سے-غلط-فہمیاں-پیدا-کر-رہے-ہیں-سعدیہ-دانش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org