QR CodeQR Code

ملک کو مخلص قیادت کی فراہمی کیلئے طلباء یونین بحال کی جائے، محمد حسین محنتی

20 Mar 2021 22:30

ناطم اعلیٰ جمعیت سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ طبقاتی نظام تعلیم اور فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ غریبوں کے بچوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام تعلیم اور فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ غریبوں کے بچوں کیلئے تعلیم کے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے، ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے حفاظت کیلئے جمعیت کا کردار اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملک کو مخلص قیادت کی فراہمی اور تعلیمی اداروں میں بہتر ماحول پیدا کرنے کیلئے طلباء یونین بحال کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ حمزہ محمد صدیقی سے گفتگو کے دوران کیا۔ جمعیت کے ناظم اعلیٰ نے سندھ سمیت ملک میں اسلامی جمعیت طلبہ کی تنظیمی رفتار کار سمیت دیگر امور سے امیر صوبہ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر جمعیت سندھ و کراچی کے ناظم فیضان بھٹی، حسن سلیم، جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عبدالغفار عمر، نائب قیم محمد مسلم، پروفیسر اسحاق منصوری اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جمعیت نے نہ صرف نسل نو کو مقصد زندگی سے آگاہ و تعلیمی شعور اجاگر کیا، بلکہ ملک کو مخلص قیادت بھی فراہم کی ہے، آج ملک کے ہر شعبہ ہائے میں جمعیت کے تربیت یافتہ افراد موجود ہیں۔ جمعیت کے ناظم اعلیٰ حمزہ محمد صدیقی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طبقاتی تعلیم کے ساتھ گریجویشن کی تعلیم کو چار سال کر دینے سے طلباء کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، ایک سروے کے مطابق 86 فیصد لوگوں کیلئے تعلیم کو مشکل بنا کر عملی طور اس کو دیگر شعبوں کی طرح کسی خاص طبقے کیلئے مختص کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی تعلیم اور میڈیا کے ذرائع نے طلباء کو اپنی ذات تک محدود کر دیا ہے، جمعیت اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق طلباء کی کردار سازی کا اپنا فریضہ سر انجام دیتی رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 922623

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/922623/ملک-کو-مخلص-قیادت-کی-فراہمی-کیلئے-طلباء-یونین-بحال-جائے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org