QR CodeQR Code

امیدوں پر پورا اتریں گے

ایم ڈبلیو ایم اور تحریک انصاف کی حکومت سے عوام کو بہت توقعات وابستہ ہیں، خالد خورشید

21 Mar 2021 22:34

سکردو میں ایم ڈبلیو ایم کیجانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ سیاحت، معدنیات، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور زراعت سمیت ہر شعبے میں پائیدار ترقی کیلئے عملی اقدامات بروئے لائے جا رہے ہیں۔ ماضی میں جن شعبہ جات پر توجہ نہیں دی گئی، موجودہ حکومت ان شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے حکومت اتحادی جماعت کے رہنماؤں کی معاونت اور مشاورت کیساتھ کام کر رہی ہے۔ تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کی حکومت کیساتھ عوام کی بے شمار توقعات وابستہ ہیں، ہمیں عوام اور علاقے کے مسائل کا ادراک ہے اور ہم عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ایم ڈبلیو ایم کیجانب سے سکردو میں اپنے اعزاز میں دیئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے گلگت بلتستان کے ہر حلقے کیلئے جامع ترقیاتی پیکیج ترتیب دینے کے منصوبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت، معدنیات، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور زراعت سمیت ہر شعبے میں پائیدار ترقی کیلئے عملی اقدامات بروئے لائے جا رہے ہیں۔ ماضی میں جن شعبہ جات پر توجہ نہیں دی گئی، موجودہ حکومت ان شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ہماری ٹیم زراعت، جنگلات اور گلیشئیرز وغیرہ پر خصوصی کام کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا مزید کہنا تھا کہ سکردو اور گلگت کیلئے انٹرنیشنل فلائٹس شروع کر رہے ہیں، بہتریں انٹرنیٹ نظام کی فراہمی کیلئے فور جی کی نیلامی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ عشایئے میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے ہمراہ صوبائی وزراء، انتظامی افسران اور تحریک انصاف کے مسئولین نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ احمد علی نوری، شیخ علی محمد کریمی، ضلعی سربراہ شیخ فدا علی ذیشان اور دیگر تنظیمی رہنماؤں سمیت صوبائی وزیر زراعت محمد کاظم میثم، رکن اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی، ڈویژنل سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین و رکن اسمبلی خواھر کنیز فاطمہ علی و دیگر نے وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہا۔


خبر کا کوڈ: 922731

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/922731/ایم-ڈبلیو-اور-تحریک-انصاف-کی-حکومت-سے-عوام-کو-بہت-توقعات-وابستہ-ہیں-خالد-خورشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org