QR CodeQR Code

فضل الرحمان کو عمران خان کے کورونا پر شک ہے تو انہیں گلے لگالیں، عمران اسماعیل

21 Mar 2021 23:48

کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان غیر سیاسی اور ناسمجھ آدمی ہیں جنہیں پتہ ہی نہیں کہ آگے کیا کرنا ہے، اس لئے وہ کبھی دھرنا اور کبھی استعفے کی بات کررہے ہیں۔ 


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مولانا فضل الرحمان کو پیش کش اگر انہیں وزیراعظم کے کورونا پر شک ہے تو عمران خان کو جاکر گلے لگالیں۔ کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ویکسین لگوانے سے کورونا نہیں ہوا، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں بالکل غلط اور بےبنیاد ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوام کورونا کو سنجیدگی سے لیں اور کورونا ویکسین ضرور لگوائیں۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان شکست خوردہ اور تھکے ہوئے انسان ہیں، وہ کوئی بھی الزام کسی پر بھی لگا سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے پیش کش کی کہ اگر مولانا کو عمران خان کے کورونا پر شک ہے تو وہ وزیراعظم جاکر گلے لگالیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان غیر سیاسی اور ناسمجھ آدمی ہیں جنہیں پتہ ہی نہیں کہ آگے کیا کرنا ہے، اس لئے وہ کبھی دھرنا اور کبھی استعفے کی بات کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مولانا اور اُن کے ساتھیوں کو معلوم ہے کہ عمران خان روزانہ مضبوط سے مضبوط ترین ہورہے ہیں، چند دنوں کی بات ہے عمران خان نئی اننگز کا جلد آغاز کریں گے، اس وقت پاکستان کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان اور خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 922741

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/922741/فضل-الرحمان-کو-عمران-خان-کے-کورونا-پر-شک-ہے-انہیں-گلے-لگالیں-اسماعیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org