0
Monday 22 Mar 2021 21:11

بہادر پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے عفریت کو استقامت کیساتھ شکست دی، علامہ ناصر عباس جعفری

بہادر پاکستانی قوم نے دہشتگردی کے عفریت کو استقامت کیساتھ شکست دی، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ارض پاک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر فرد کو انفرادی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کا حصول طویل جدوجہد اور ان گنت قربانیوں کے بعد ممکن ہوا ہے، نئی نسل پر یہ شرعی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اجداد کے اس قیمتی اثاثے کا ہر محاذ پر دفاع کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر پوری قوم کے لئے ایک چیلنج ہے، بہادر قومیں حکمت و دانائی کے ساتھ چیلنجز سے نبرد آزما ہوتی ہیں، حکومت کی طرف سے طے شدہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے، تاکہ مزید کسی سنگین صورتحال کا سامنا نہ ہو۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستانی قوم وہ بہادر قوم ہے، جنہوں نے دہشت گردی جیسے عفریت کو بھرپور عزم و استقامت کے ساتھ شکست دی ہے، ملک دشمن قوتوں کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ اس نظریاتی ریاست میں مسلکی سیاست، مذہبی منافرت اور صوبائی و لسانی تعصب پھیلا کر بدامنی کی راہ ہموار کی جائے، عالمی طاغوتی و استعماری طاقتوں کے ایجنڈے کو کامیاب بنانے میں ان کے آلہ کاروں نے مذہبیت کا روپ دھار کر شدت پسندی کو فروغ دیا، جس سے دہشت گردی کے واقعات میں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی محب وطن قوتوں نے باہمی اخوت و یگانگت سے استکباری طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، اتحاد و اخوت کے لئے سازگار فضا پیدا کرنے میں مجلس وحدت مسلمین نے جو کردار ادا کیا، وہ حب الوطنی کے جذبوں کا ہمیشہ عمدہ اظہار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدے اور وطن پر زندگی کو نچھاور کیا جاسکتا ہے، آج کا دن اس عزم کے اعادہ کا تقاضا کرتا ہے کہ وطن عزیز کی محبت کو ہر شے پر مقدم رکھا جائے، ارض پاک ہماری شناخت، ہماری پہچان اور ہمارا وقار ہے، ہماری ہر اس فرد، شخصیت اور جماعت سے کھلی دشمنی ہے، جو ملکی امن و استحکام کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
خبر کا کوڈ : 922900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش