0
Tuesday 23 Mar 2021 22:05

یوم قرارداد پاکستان قوم کا اپنے نظریئے سے تجدید عہد کا دن ہے، سیدہ زہراء نقوی

یوم قرارداد پاکستان قوم کا اپنے نظریئے سے تجدید عہد کا دن ہے، سیدہ زہراء نقوی
اسلام ٹائمز۔ 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان ایک عظیم الشان تاریخی دن ہے، جو برصغیر کے مسلمانوں کے جوش و جذبہ اور الگ مملکت کے حصول کے لیے کی گئی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، یوم پاکستان دراصل شہدائے پاکستان سے تجدید عہد کا دن ہے، نظریہ پاکستان جو کہ دراصل نظریہ اسلام ہے، اسے زندہ کرنے کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہراء نقوی نے 23 مارچ یوم قرارداد پاکستان کی مناسبت سے میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والی قیادت کی وجہ شہرت ان کی سچائی، ایمانداری، اپنی قوم سے محبت تھی، بانیان پاکستان اپنے مثالی کردار کے باعث دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ملک کی سیاسی قیادتوں کو قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا اور نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کروانا، دینی و سیاسی قیادت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ منورہ کے بعد پاکستان وہ واحد ملک ہے، جو نظریہ اسلام پر معرض وجود میں آیا، ایک ایسی عظیم مملکت جس کی بنیادوں میں لاکھوں شہداء کا خون شامل ہے۔ یہ تاریخ کے وہ عظیم لوگ تھے، جنہوں نے نظریہ اسلام کے تحت مملکت کے حصول کے لیے بے مثال اور عظیم قربانیاں دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قومیں نظریات کی بنیاد پر زندہ رہتی ہیں، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قائد و اقبال کے خوابوں کی تعبیر اور ملک کے استحکام اور بقا کے لیے نوجوان نسل کے اذہان میں نظریہ پاکستان اسطرح راسخ کر دیا جائے اور ان کی تربیت اس انداز میں کی جائے کہ وہ کسی بھی لمحے اس نظریئے اور مملکت کی خاطر دی گئی اپنے اسلاف کی قربانیوں کو فراموش نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 923085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش